18-07-2025
شہید شاہنواز بھٹو کی جدوجہد آمریت کے خلاف سنہری باب ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہید شاہنواز بھٹو کی برسی کے موقع پر ان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں جنہوں نے آمریت کے خلاف جرأتمندانہ جدوجہد کی اور عوام کے حق میں اپنی جان قربان کی،میئر کراچی نے کہا کہ آج ہم شہید شاہنواز بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے مشن کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کی قربانی آمریت کو للکارنے والوں کے لیے ایک علامت بن چکی ہے،انہوں نے کہا کہ شاہنواز بھٹو جیسے باہمت نوجوان کی قربانی نے پاکستان میں جمہوری شعور پیدا کیا اور عوام کو اپنے حقوق کی پہچان دی، وہ مظلوموں کی آواز بن کر تاریخ میں امر ہو گئے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر بھٹو خاندان کی قربانیوں کو پاکستان کے جمہوری سفر میں سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان نے ہمیشہ جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کے لیے قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو کی جدوجہد آمریت کے خلاف ایک روشن باب ہے اور ان کی شہادت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ حق و سچ کی راہ کبھی مٹتی نہیں، ہمیں ان قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،میئر کراچی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شہید شاہنواز بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جرأت، ہمت اور سچائی کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔