Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جمعرات کے روز کورنگی کاز وے پر پل کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا،

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت شہر کے دیرینہ مسائل کا مستقل حل دے رہی ہے، کورنگی کازوے بارشوں کے دوران زیرِ آب آجاتا تھا لہٰذا یہاں ساڑھے چار ارب روپے کی لاگت سے چھ لین کا 2.30 کلومیٹر طویل اوور ہیڈ برج تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا جس سے کراچی کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمیں مشکل حالات میں بھی کام کرنے کی ترغیب دی اور لوگوں کو امید دلائی، اگلے چار سال کے اندر شہر میں واضح تبدیلی نظر آئے گی، پیپلز پارٹی شہر کے ہر علاقے میں کام کروا رہی ہے ، تنقید اور تفریق کی سیاست ختم کرکے صرف ترقی اور ترقی کی بات کررہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کورنگی کاز وے پر پل کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پیپلز پارٹی کے ٹائون چیئرمین اور دیگر رہنمائوں کے علاوہ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین فراز الرحمن اور دیگر صنعتکار بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں بارشوں کے دوران کورنگی کاز وے کئی روز تک قابل استعمال نہیں رہتا تھا، 2020 کی تباہ کن بارشوں میں پانی کے بہائو سے سڑک ہی غائب ہوگئی تھی جس سے کورنگی، ابراہیم حیدری، لانڈھی کے لوگوں اور خصوصاً صنعت کاروں، مزدوروں اور طلبا و طالبات کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا، ہمیشہ سے یہی ہوا کہ عارضی طور پر دوبارہ سڑک تعمیر کردی جاتی تھی مگر ہم نے فیصلہ کیا کہ یہ مسئلہ کا پائیدار حل نہیں بلکہ اوور ہیڈ برج ہی اصل حل ہے اور آج اس پر کام شروع کردیا ہے اور ایک سال کے اندر اسے مکمل کرلیں گے تاکہ آئندہ بارشوں میں لوگوں تکلیف نہ ہو، انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی پر پیسہ خرچ نہیں کرتی وہ دیکھ لیں کہ سندھ حکومت نے اس منصوبے کے لیے ساڑھے چار ارب روپے منظور کئے ہیں، یہ ان لوگوں کے لئے جواب ہے جو پوچھتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے کیسے کراچی میں اپنا میئر، ڈپٹی میئر اور 13 ٹائونز میں چیئرمین بنا لیے، انہوں نے کہا کہ وہی کے ایم سی جو پہلے اختیار اور پیسہ نہ ہونے کی بات کرتی تھی آج کام کررہی ہے اور لوگوں کو کام ہوتا نظر آرہا ہے جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی کی قیادت پر عوام کا اعتماد بڑھتا جارہا ہے، جو وعدے ہمارے پارٹی چیئرمین، وزیر اعلیٰ اوردیگر قیادت نے کئے ہیں انہیں ہر قیمت پر پورا کرکے دکھائیں گے، کراچی کے تمام 25 ٹائونز میں دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ شہر چلتا ہے تو پورا ملک چلتا ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کی خدمت کریں اور اس کے امیج کر بہتر بنائیں، میئر کراچی نے کہا کہ حکومت کو لوگوں کی مشکلات کا اندازہ ہے اور انہیں جلد از جلد ریلیف دینا چاہتے ہیں، کورنگی میں صفائی ستھرائی کی صورتحال پہلے سے بہتر ہوئی ہے اور اسے مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں، آئندہ کسی نے کورنگی کازوے پر ملبہ یا کچرا پھینکا تو ٹرک کا پرمٹ کینسل کرکے کارروائی کریں گے، پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک ایک کارکن شہریوں کی خدمت کرنا چاہتا ہے اور دلوں کو جوڑنا چاہتا ہے، ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ کراچی کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنی ہے، انہوں نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی عمل بھر پور طریقے سے جار ی ہے جوہر چورنگی پر فلائی اوور اور انڈر پاس پر کام ہورہا ہے فلائی اوور ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے جبکہ انڈرپاس بھی چند ماہ میں مکمل کرلیں گے، پہلوان گوٹھ نالے کاکام مکمل ہوگیا، ضلع کیماڑی میں مچھلی چوک سے کینپ تک سڑک مکمل ہوگئی ہے دیگر جگہوں پر بھی کام جاری ہے، شہر میں غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے چاہتے ہیں کہ شہر میں سرگرم مختلف قسم کے مافیا کو کنٹرول کرنے کیلے میڈیا ہمارا ساتھ دے، اس سال عید الاضحی پر آلائشیں اٹھانے کاکام سب نے مل کر کیا جس کے بہترین بتائج سامنے آئے اب بارشوں کا چیلنج آرہا ہے، اس کے لیے بھی تمام تیاریاں مکمل ہیں شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ خدارا سیوریج او ربرساتی نالو ںمیں کچرا نہ پھینکیں، پلاسٹک کی تھیلیاں، سیوریج او ربرساتی نالوں کو چوک کردیتی ہیں، ان کے استعمال سے گریز کیا جائے، مخالفین کی تنقید کے باوجود کراچی کے شہریوں کی خدمت کرتے رہیںگے۔