Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

29-11-2024

میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے فریئر ہال میں وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا-

میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی ماضی میں انتہائی شاندار شہر تھا اور آج بھی پرکشش شہروں میں اس کا شمار ہوتاہے، کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجر اور سرمایہ کاروں نے کبھی اس شہر کو اچھا نہیں کہا جب بلدیہ فیکٹری میںآتش زدگی ، اغوا، تشدد اور بھتہ خوری کے واقعات ہوتے تھے جب بھی وہ شہر کو اچھا نہیں کہتے تھے اور آج جب شہر میں امن و امان ہے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے اب بھی وہ شہر کو بہتر نہیں سمجھتے، اگر اس بات پر بزنس مین مجھ سے ناراض ہوتے ہیں تو ہوجائیں، سیالکوٹ کے بزنس مینوں کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے سیالکوٹ میں ایئر پورٹ بھی بنایا اور ایئر لائن بھی بنا دی، ہمیں اپنے شہر کی بہتری کے لئے بولڈ فیصلے کرنے ہوں گے، فریئر ہال میں مفت وائی فائی سہولت کا آج سے آغازکردیا اور اس سہولت کو دوسرے پارکس اور تفریحی مقامات تک وسعت دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال میں وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، میونسپل کمشنر افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس رضا عباس رضوی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وائی فائی کی دستیابی سے فریئر ہال آنے والے شہری انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا استعمال باآسانی کرسکیں گے،شہریوں کے پاس جدید موبائل فونز ہونے کے باعث ہر تفریحی مقام پر وائی فائی کی موجودگی ضروری ہوگئی ہے،فریئرہال ، باغ ابن قاسم، کڈنی ہل پارک، جھیل پارک، سفاری پارک میں بڑی تعداد میں شہری آتے ہیں یہاں بھی مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کریں گے تاکہ عوام اس سہولت سے مستفید ہوسکیں، بڑے پارکوں میں ریسٹورنٹس ، آئی ٹی سینٹر اور تفریح کی دیگر سہولیات بھی مہیا ہونی چاہئیں تاکہ شہری پارکس میں آنے کے بعد بہتر طریقے سے وقت گزار سکیں، انہوں نے کہا کہ جم خانہ امیر لوگوں کو ساری سہولتیں مل سکتی ہیں تو غریب و متوسط طبقے کو یہ ساری سہولیات کیوں دستیاب نہیں ہوسکتی، میئر کراچی نے کہا کہ فریئر ہال لائبریری کے حصے کو ایئرکنڈیشنز کردیا گیاہے، جلد ہی یہاں پر طبلہ ، پیانو ، ستار اور دیگر آلات موسیقی بجانے کی کلاسز بھی شروع کریں گے، خطاطی اور مصوری بھی سکھائی جائے گی کیونکہ خطاطی اور مصوری ہماری ثقافت کا حصہ ہے، صادقین جیسے عالمی شہرت یافتہ خطاط کے نام سے وابستہ صادقین گیلری میں اگرطلبہ خطاطی سیکھیں گے تو اس سے بہتر اس گیلری کا استعمال نہیں ہوسکتا، میئر کراچی نے کہا کہ ایسا معاشرے تشکیل دینے کی ضرورت ہے جہاں ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی صلاحیت پیدا ہو اور عوام اپنے شہر سے محبت کریں، میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ فریئر ہال میں چوبیس گھنٹے وائی فائی کی سہولت دستیاب ہوگی اور ایک وقت میں دو ہزار لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، میئر کراچی نے یہ بھی اعلان کیا کہ فریئر ہال میں عوام کے لئے روایتی موسیقی کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ فریئر ہال آنے والے لوگ محظوظ ہوسکیں۔