میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اہم شخصیات کے ناموں سے منسوب عمارتوں اور اداروں کے نام تبدیل کرنا مناسب نہیں ہے-
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اہم شخصیات کے ناموں سے منسوب عمارتوں اور اداروں کے نام تبدیل کرنا مناسب نہیں ہے، ملک و قوم کے لئے گرانقدر خدمات انجام دینے والوں کا احترام ضروری ہے، کسی ادارے ، پارک یا عمارت کو شخصیت کے نام سے منسوب کرنے کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ اختیار متعلقہ بلدیاتی اداروں کو حاصل ہے، جوہر انڈرپاس کے اطراف کی سڑکوں کی استرکاری جلد مکمل کی جائے، کام کی بروقت تکمیل سے ٹریفک جام کے مسائل پر قابو پایا جاسکے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہر انڈرپاس میں جاری ترقیاتی کاموں اور کارپیٹنگ کا معائنہ کرتے ہوئے کیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو ، بیگم نصرت بھٹو یا ضیاء محی الدین کے نام پر کوئی فلائی اوور یا انڈرپاس ہے تو ان شخصیات کی ملک و قوم کے لئے خدمات ہیں، اگر کوئی یہ چاہتا ہے کہ یہ نام تبدیل کردیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہوگی، مختلف عمارتوں ،شاہراہوں اور جگہوں کو جن شخصیات کے نام سے منسوب کی گئی ہیں انہیں کسی صورت تبدیل نہیں ہونے دیا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے ترقیاتی کام ہماری اولین ترجیح ہیں اور ہم یہ اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ شہر میں یکساں طور پر ترقیاتی کام کرائے جائیں، انہوں نے کہا کہ جوہر انڈرپاس کا تعمیراتی کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ اس سے علاقے کے لوگوں کو سہولت میسر آئے، انہوں نے کہا کہ شہر میں جلد ہی میگا پروجیکٹس شروع کئے جا رہے ہیں اور تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جا رہی ہے، میئر کراچی نے انڈرپاس میں جاری تعمیراتی کاموں کو معائنہ کیا اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔