Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے جرمنی کے قونصل جنرل Dr. Rudiger Lotz نے پیر کی صبح صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کی-

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے جرمنی کے قونصل جنرل Dr. Rudiger Lotz نے پیر کی صبح صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کی، میئر کراچی نے جرمنی کے قونصل جنرل کو بلدیہ عظمیٰ کراچی آمد پر خوش آمدید کہا، اس موقع پر میئر کراچی اور قونصل جنرل جرمنی کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہارکیا گیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش ہے، جرمنی نے شہری سہولیات کی فراہمی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی میں اہم مقام حاصل کیا ہے،کراچی میں بھی بنیادی شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی، ضلعی بلدیات اور دیگر ادارے مل کر کام کررہے ہیں تاکہ شہریوں کو معیاری سہولیات فراہم کی جاسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ جرمنی کی سرمایہ کار کمپنیز کے لیے کراچی میں سرمایہ کاری کے پُرکشش مواقع موجود ہیں، کراچی میں جرمن سرمایہ کاروں اور کمپنیز کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی، مستقبل میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی رابطوں میں اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ کراچی جنوبی ایشیا کا اہم ساحلی شہر ہے جہاں دو بندرگاہیں موجود ہیں اور بین الاقوامی ہوائی اڈے کی وجہ سے کراچی صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کا اہم مرکز بن چکا ہے، کراچی میں متعدد صنعتی زونز بھی قائم ہیں جہاں بڑی تعداد میں فیکٹریز ہیں اور ہزاروں افراد کو یہاں سے روزگار مہیا ہوتا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی صنعتی زونز کو ترقی دینے کے لئے اقدامات کر رہی ہے جس میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر کام شامل ہیں اس موقع پر جرمنی کے قونصل جنرل Dr. Rudiger Lotz نے کہا کہ وہ جرمنی کی حکومت کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے نیک خواہشات لے کر آئے ہیں، کراچی میں بنیادی انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کا عمل قابل ستائش ہے جس کے مستقبل میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔