میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن صدر کیمپس میں بارٹرانسفر ٹیسٹ 2023 کے کامیاب شرکاء میں تقسیم اسناد سے خطاب کیا
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ زندگی میں کامیابی محنت کی مرہون منت ہوتی ہے، پیشہ کوئی بھی ہو اگر آپ اس میں محنت ، جدوجہد اور لگن سے کام نہیں کریں گے تو کوئی بھی ڈگری آپ کو نامور نہیں کرسکتی، تعلیم آسائش نہیں بلکہ بنیادی حق ہے، صوبائی وزیر قانون عمر سومرو نے کہا کہ ماحول اچھا ہو تو انسان اپنا وقار بڑھا دیتا ہے کسی بھی تعلیمی ادارے کو بہتر طریقے سے چلانے اور باصلاحیت طلباء پیدا کرنے کے لئے اچھے اساتذہ کی ضرورت ہوتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن صدر کیمپس میں بارٹرانسفر ٹیسٹ 2023 کے کامیاب شرکاء میں تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر نجمی عالم، پیپلز پارٹی کے رہنماء شکیل چوہدری اور آئی بی اے کے ڈائریکٹر اور اساتذہ کرام بھی موجود تھے، تقریب میں 40 کامیاب شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں، مقررین نے کہا کہ قانون کے طلباء کو حکومت مکمل سپورٹ کرے گی ، حکومت کے پاس فنڈز موجود ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ شفاف طریقہ کار بنایا جائے تاکہ باصلاحیت اور ذہین طلباء کی مالی معاونت کی جاسکے، انہوں نے کہا کہ بار کے لوکل امتحانات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ڈگریاں بہت سے لوگ حاصل کرتے ہیں لیکن نمایاں حیثیت انہی لوگوں کو ملتی ہے جو اپنی فیلڈ میں محنت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وکالت کا پیشہ خدمت کا ہے اور اگر آپ خدمت کے جذبے سرشار ہیں تو پھر اس پیشے میں آکر اپنا نام روشن کرسکتے ہیں، محنت ازخود اہل اور نااہل لوگوں کی چھانٹی کردیتی ہے، انہوں نے کہا کہ روایتی اور مروجہ سسٹم کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور جدید قوانین اور تصورات سے استفادہ کیا جانا چاہئے، وکالت کا پیشہ ایک مشکل پیشہ ہے، آپ کو وسیع مطالعے اور محنت ، جدوجہد اور خدمت سے اس پیشے میں وقار حاصل کرنا ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ اب سول اور کرمنل پروسیجر اہم ہے اور اس میں مہارت کی ضرورت ہوتی ہے، طلباء کو کالجز میں قانون کے مختلف سیکشنز پڑھائے جاتے ہیں جس میں طلباء کی دلچسپی نہیں ہوتی، ہمیں طلباء کو تصورات کی طرف مائل کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ بار ایٹ لاء کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے صرف داخلہ ہی کافی نہیں ہوتا دیگر اخراجات کے لئے بھی طلباء کو رقم کی ضرورت پیش آتی ہے، اس موقع پر صوبائی وزیر قانون عمر سومرو اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کامیاب شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔