بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ مذہبی و اقلیتی امور کے زیراہتمام محفل ذکر مصطفی ﷺ جمعرات کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سبزہ زار پر منعقد ہوئی
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ مذہبی و اقلیتی امور کے زیراہتمام محفل ذکر مصطفی ﷺ جمعرات کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سبزہ زار پر منعقد ہوئی جس سے علامہ تفسیر الحق تھانوی، علامہ قرۃ العین عابدی، علامہ نور محمد رحمانی چشتی، ڈاکٹر علامہ شاہ فیزوز الدین احمد ، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر نجمی عالم اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ ممتاز نعت خواں محمود الحسن اشرفی، حافظ حامد رضا نورانی، ناصر یامین اور محمد سلمان نے بارگاہ رسالت ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کئے، اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی سید افضل زیدی، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر نجمی عالم، سینئر ڈائریکٹر مذہبی و اقلیتی امور بلال منظر اور دیگر افسران بھی موجود تھے، محفل سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے نبی اکرم ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ آپ ﷺ کے اسوئہ حسنیٰ کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے، انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے اس مقدس مہینے میں اس بابرکت محفل کے انعقاد پر بلدیہ عظمیٰ کراچی مبارکباد کی مستحق ہے، دور حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمیں رسول اکرم ﷺکی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا جنہیں خالق کائنات نے پورے عالم کے لئے رحمت بنا کر بھیجا، آپ ﷺکی ولادت باسعادت دنیا کی تاریخ کا ایک ایسا واقعہ ہے جس نے تاریخ کے دھارے کو بدل کر رکھ دیا، ظلمتوں کے بت زمیں بوس ہوئے اور رحمتوں برکت کی روشنی چارسو پھیلنے لگی، ہر سال نبی پاک ﷺ کا میلاد منا کر ہم اسی حقیقت کو دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں۔