Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بابا بھٹ آئی لینڈ کے مکینوں کے لئے آر او پلانٹ کو فعال کردیا ہے-

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بابا بھٹ آئی لینڈ کے مکینوں کے لئے آر او پلانٹ کو فعال کردیا ہے،بابا بھٹ آئی لینڈ کے ہزاروں مکینوں کو آئندہ دو ماہ تک یومیہ 35 ہزار گیلن پانی فراہم ہوگاجس سے یہاں پانی کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں،پیپلزپارٹی اپنے مقبول نعرہ اور منشور کے مطابق عوام کی خدمت کررہی ہے،یہ بات انہوں نے بدھ کے روز یوسی۔11 ، ماڑی پور ٹائون بابا بھٹ آئی لینڈ کے دورے میں ازسرنو فعال کئے گئے آر او پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد کہی، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء لیاقت آسکانی، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلع وسطی کے چیئرمین دل محمد، ہمایوں خان، آصف خان، جمن دروان ،چیئرمین بابا بھٹ آئی لینڈ اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بابا بھٹ آئی لینڈ پر طویل عرصے سے پینے کے صاف پانی کی دستیابی کا سنگین اور شدید مسئلہ درپیش تھا جس پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے توجہ دی اور یہاں نصب آر او پلانٹ کو فعال کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے، یہاں پر جو آر او پلانٹ ہے اسے ایک بار پھر فعال کردیا گیا ہے اور آج مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ آج ہم نے بابا بھٹ کے آر او پلانٹ کو مکمل طور پر فعال کردیا ہے جس سے بابا آئی لینڈ اور بھٹ آئی لینڈ کے تقریباً دو ہزار گھرانے مستفید ہوں گے،رواں سال دسمبر سے یہاں کے رہائشیوں کو ایک لاکھ گیلن تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی شروع ہوجائے گی، عوام کی حقیقی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے، یہ وہ وعدہ ہے جو ہماری پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صاحب نے اور پیپلز پارٹی کی مقامی تنظیموں نے علاقہ مکینوں کے ساتھ کیا تھا کہ پانی کا مسئلہ حل کریں گے اور الحمدللہ آج اس وعدے کی تکمیل کا دن ہے، پیپلز پارٹی جو وعدہ کرتی ہے وہ وفا کرتی ہے اور پانی گھر گھر پہنچانے کے بلاول صاحب کے وعدے کو پورا کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کا ایک ایک کارکن اپنا کردار ادا کرے گا، قبل ازیں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹائون چیئرمین اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ آر او پلانٹ کا افتتاح کیا اور پلانٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، میئر کراچی نے آر او پلانٹ کے ذریعے فراہم کئے جانے والے پانی کی کوالٹی بھی چیک کی اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے کہاکہ پینے کا صاف پانی ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا،جزائر میں رہنے والے ہی میٹھے پانی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں کیونکہ انہیں بہت کم میٹھا پانی دستیاب ہوتا ہے، بابا اور بھٹ آئی لینڈ کے ہزاروں مکین بھی اس ضرورت کو شدت سے محسوس کر رہے تھے اور ان کا یہ مطالبہ تھا کہ انہیں گھروں پر پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے جس پر پیپلزپارٹی کی قیادت نے ترجیحی اقدامات کرکے ان کا یہ مسئلہ حل کردیا ہے۔