میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں مکھیوں ، مچھروں اور دیگر جراثیم کے خاتمے کے لئے اسپرے مہم شروع کردی ہے
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں مکھیوں ، مچھروں اور دیگر جراثیم کے خاتمے کے لئے اسپرے مہم شروع کردی ہے تاکہ شہریوں کو ملیریا ، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض سے تحفظ فراہم کیا جاسکے، اسپرے کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کی 30 گاڑیاں ساتوں اضلاع میں اسپرے کے لئے جائیں گی اور خاص طورپر نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے اطراف بھرپور اسپرے کیا جائے گا جہاں مچھروں کی افزائش کا امکان رہتا ہے، اسپرے کے لئے شام کا وقت مقرر کیا ہے جس کے دوران تمام یوسیز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے پیر کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں محکمہ میونسپل سروسز کے تحت اسپرے مہم کے افتتاح کے بعد کہی، اس موقع پر سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر نجمی عالم، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز انور بلوچ اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسپرے مہم 2 اکتوبر سے 10 اکتوبر تک جاری رہے گی، پہلے دن ضلع شرقی کی تمام یوسیز میں اسپرے کیا جا رہا ہے جبکہ منگل کے روز ضلع وسطی کی یوسیز میں اسپرے کیا جائے گا، 4اکتوبر کو ضلع غربی ،5 اکتوبر کو ضلع کورنگی، 6 اکتوبر کو ضلع ملیر، 7 اکتوبر کو ضلع جنوبی، 9 اکتوبر کو ضلع کیماڑی میں واقع یوسیز میں اسپرے کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اسپرے مہم کے لئے متعلقہ ڈسٹرکٹ اور ٹائون کی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کیا گیا ہے اور پوری کوشش کی جارہی ہے کہ کوئی بھی جگہ اسپرے سے محروم نہ رہے، ملیریا انسپکٹر کے زیرنگرانی جراثیم کش اسپرے مہم کے لئے متعلقہ افسرڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن/ ڈسٹرکٹ کونسل کراچی سے اسپرے مہم مکمل ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے پابند ہوں گے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو وبائی امراض سے تحفظ فراہم کرنا ہے بلدیاتی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کر رہی ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ اسپرے مہم کے دوران کے ایم سی کے عملے سے تعاون کریں اور اگر کسی علاقے میں اسپرے نہیں ہوا ہے تو اس سے فوری آگاہ کریں تاکہ بلاتاخیر وہاں اسپرے کے لئے ٹیم بھیجی جاسکے۔