میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے زیرانتظام مرکزی سڑکوں پر محکمہ انجینئرنگ فوری طور پر گڑھے بھرنے کا انتظام کرے-
میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے زیرانتظام مرکزی سڑکوں پر محکمہ انجینئرنگ فوری طور پر گڑھے بھرنے کا انتظام کرے، چیف انجینئرز کو 15 دن کا وقت دے رہا ہوں 16ویں دن خو د شہر کا دورہ کرکے چیک کروں گا کہ کون کام کررہا ہے اور کون نہیں، انڈر پاسز کی تزئین، استر کاری اور صفائی ستھرائی کے کاموں میں بھی تیزی لائی جائے، سڑکوں کے انفراسٹرکچرکی مکمل نگرانی کی جارہی ہے، لائٹنگ کے کام انجام دینے کے بعد سڑکوں کی مرمت اور استر کاری اولین ترجیح ہے، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں محکمہ انجینئرنگ کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ اظہر حسین شاہ، مختلف اضلاع کے چیف انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئر، سپرنٹنڈنٹ انجینئر، ایکسئین، ڈائریکٹر اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ جس طرح مختلف سڑکوں پر لائٹنگ کا انتظام کیا ہے اسی طرح سڑکوں کے گڑھے بھی بھرے جائیں تاکہ ٹریفک کو گزرنے میں آسانی ہو اور حادثات کے امکانات کم کئے جاسکیں، کے ایم سی کے زیر انتظام تمام سڑکوںکے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے، متعلقہ چیف انجینئر خود اپنی حدود میں واقع سڑکوں پر پڑے گڑھوں کو فوری بھرنے کا انتظام کریں، انہو ںنے کہا کہ محکمہ انجینئرنگ کے افسران اس بات کو سمجھیں کہ یہ آپ کا اپنا شہر ہے اور آپ کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہے، اگر آپ کام نہیں کریں گے تو کسی اور کو آپ کی جگہ کام کرنے کا موقع مل جائے گا ، آئندہ کے ایم سی میں صرف وہ رہے گا جو کام کرے گا، جو کام نہیں کرے گا اسے جانا ہوگا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سڑکوں کے انفراسٹرکچر کی مکمل نگرانی شروع کردی ہے تاکہ دی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جاسکے، متعلقہ چیف انجینئر اپنے علاقے کی سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کو بہتر حالت میں رکھنے کا ذمہ دار ہے، اس لیے تمام تر دستیاب افرادی قوت اور مشینری کے ذریعے تمام کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے اور شہر کے وسیع تر مفاد کو پیش نظر رکھا جائے ، انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز کو ہدایت کی کہ اپنے ماتحت افسران اور انجینئرز کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیںاور انفراسٹرکچر کی بحالی و مرمت کے کاموں پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں، شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا بلدیاتی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے اور اسے انجام دینے کے لیے جو بھی اقدامات ضروری ہوئے بلا تاخیر کئے جائیں گے۔