Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارہ ربیع الاول کے موقع پر شہر میں جلوسوں کے پیش نظر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے، جلوس کے راستوں پر عرق گلاب ملے پانی کا چھڑ کائو کیا جائے-

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارہ ربیع الاول کے موقع پر شہر میں جلوسوں کے پیش نظر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے، جلوس کے راستوں پر عرق گلاب ملے پانی کا چھڑ کائو کیا جائے تاکہ فضاء معطر رہے، صبح سویرے سڑکوں کی صفائی خود مانیٹر کروں گا، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز شاہ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ضلعی افسران بھی موجود تھے، اجلاس میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو بارہ ربیع الاول کے حوالے سے صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ پیش کی گئی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ربیع الاول مقدس مہینہ ہے ، اس دوران شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور کچرا کنڈیوں سے بھی بروقت کچرے کو ٹھکانے لگانے کے انتظامات کئے جائیں تاکہ شہر اس موقع پر صاف ستھرا نظر آئے، انہو ںنے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ضلعی افسران اپنی علاقائی حدود میں تمام جگہوں کا خود معائنہ کریں اور جہاں بھی صفائی ستھرائی کی صورتحال میں کمی نظر آئے فوری طور پر انتظام کرکے اسے بہتر بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ کچرا کنڈیوں میں کچرا جمع ہونے سے بھی اطراف کے علاقے میں صحت و صفائی کے مسائل پیش آتے ہیں لہٰذا ہر ممکن کوشش کی جائے کہ جلد از جلد یہاں جمع ہونے والے کچرے کو لینڈ فل سائٹ تک پہنچایا جائے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بارہ ربیع الاول کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے جلوس برآمد ہوتے ہیں اور ربیع الاول کی محافل منعقد کی جاتی ہیں جبکہ مساجد میں بھی خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ربیع الاول کے جلوسوں اور محافل کے منتظمین کے ساتھ رابطہ کرکے تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ذریعہ انتظامات کئے ہیں اور ہماری پوری کوشش ہے کہ اس موقع پر شہریوں کو بھر پور سہولیات فراہم کی جائیں چونکہ صفائی ستھرائی کے امور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ذمہ ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ متعلقہ محکمہ اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کرے۔