Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اداروں کو سیاست سے بالاتر ہو کر ٹھیک کیا جانا چاہئے بصورت دیگر ادارے تباہی کا شکار ہوجاتے ہیں-

میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اداروں کو سیاست سے بالاتر ہو کر ٹھیک کیا جانا چاہئے بصورت دیگر ادارے تباہی کا شکار ہوجاتے ہیں، لوگ اکثر معاملات خراب کرنا چاہتے ہیں مگر ہمیں تمام تر تنقید کے باوجود اداروں کو بہتر بنانا ہے، ماضی میں بے انتہا بے ضابطگیاں کی گئیں، مختلف ادوار میں بڑی تعداد میں ملازمین بھرتی کئے گئے جس سے اداروں پر مالی بوجھ پڑا اور کے ایم سی طبی اداروں کو چلانے میں ناکام نظر آئی، ہمیں حقیقت پسندانہ سوچ اپنانا ہوگی اور تمام سیاسی جماعتوں کو مخالفت برائے مخالفت کی روش کو چھوڑ کر بہتری کے عمل میں تعاون کرنا ہوگا ،کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں تعلیمی معیار اور دیگر سہولیات بہتر بنانے کے لئے فیس اسٹرکچر پر نظر ثانی کرنا ضروری ہے کیونکہ مالی نظم و ضبط کے بغیر ادارے چلانا ممکن نہیں، یہ بات انہوںنے باغ ابن قاسم میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، پرنسپل کے ایم ڈی سی ڈاکٹر نرگس انجم، سابق صوبائی وزیر شہلا رضا، سابق رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ اور گورننگ باڈی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جو بچے پرائیویٹ اسکولوں سے بھاری فیسیں ادا کرکے ایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس میں داخلہ لیتے ہیں ان سے کے ایم سی صرف 50 ہزار روپے سالانہ فیس لیتی ہے جو کسی پرائیویٹ اسکول کی ایک ماہ کی فیس کے برابر ہے، یہی طلبہ جب ایم بی بی ایس کرکے ہمارے ہی اسپتال میں ہائوس جاب کرتے ہیں تو پانچ ماہ میں یہی رقم اعزازیے کی صورت میں انہیں واپس مل جاتی ہے، ایس ایم لاء کالج میں ایک لاکھ 30 ہزار روپے سالانہ فیس وصول کی جاتی ہے تو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس جیسی پروفیشنل ڈگری کے لئے اس قدر کم فیس کی وصولی سے ادارہ کیسے چلایا جاسکتا ہے، اگر میرے حصے میں یہ بدنامی آتی ہے کہ میں نے فیس بڑھائی اور کالج طلبہ کو بہترین تعلیمی اور سہولیات میسر آتی ہیں تو مجھے اس بدنامی پر بھی کوئی اعتراض نہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں سرگرم عمل غیرسرکاری تنظیموں اور مختلف اداروں سے ایک بار پھر درخواست کی کہ وہ آئیں اور اسپتالوں اور میڈیکل کالجز کی بہتری کے لئے ہمارے ساتھ کام کریں، بلدیہ عظمیٰ کراچی انہیں ہر طرح کی سہولت مہیا کرنے کو تیار ہے انہوں نے کہا کہ بہت جلد ایک این جی او کے تعاون سے عباسی شہید اسپتال میں 150 بستروں پر مشتمل گائنی وارڈ فعال ہوجائے گا جس سے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی، اجلاس کے دوران کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی مالی صورتحال ، نئے تعلیمی سال میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں اور فیس اسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، گورننگ باڈی کے بعض ممبران نے فیس میں اضافے کی تجویز دی تاکہ کالج کے اخراجات اور اپ گریڈیشن سمیت دیگر معاملات کو بحسن و خوبی انجام دیا جاسکے، اجلاس میں بتایا گیا کہ کالج میں زیر تعلیم طلبہ 50 ہزار روپے سالانہ فیس دیتے ہیں جو انتہائی قلیل ہے، کالج کے مالی مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت سندھ سے درخواست کی گئی ہے اور 440 ملین کی گرانٹ ایک ماہ کے اندر ملنے کی توقع ہے لہٰذا اس بات کے پیش نظر بعض گورننگ باڈی کے ممبران نے تجویز دی کہ ایک ماہ کے لئے فیسوں میں اضافے کا فیصلہ موخر کردیا جائے جس سے میئر کراچی نے اتفاق کیا اور آئندہ گورننگ باڈی کے اجلاس تک اس فیصلے کو موخر کردیا گیا، گورننگ باڈی کے اجلاس میں اوورسیز طلبہ کی فیسوں کے اسٹرکچر کا بھی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر گورننگ باڈی کے اراکین نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے مالی استحکام کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔