ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ معاشرے میں جنسی ہراسگی اور بچوں سے زیادتی کے کیسز میں اضافہ تشویش ناک ہے-
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ معاشرے میں جنسی ہراسگی اور بچوں سے زیادتی کے کیسز میں اضافہ تشویش ناک ہے، ہمیں اپنے شہر ، صوبے اور ملک کو اس صورتحال سے نکالنا ہے جس کے لئے تمام لوگوں کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا، جنسی ہراسگی اور زیادتی خواہ کسی بھی شکل میں ہو اس کی ہر سطح پر مذمت ہونی چاہئے اور اس حوالے سے بنائے گئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، والدین اپنے بچوں کے اردگرد ماحول پر کڑی نگاہ رکھیں اور انہیں بری صحبت سے بروقت روکیں، جنسی زیادتی کا شکار بچے ، بچیوں کو ہمارا معاشرہ قبول نہیں کرتا اس کلچر کو بدلنے کے لئے ذہنی حالت میں تبدیلی لانی ضروری ہے، کراچی سے جنسی ہراسگی اور بچوں سے زیادتی کے خاتمے کے لئے شروع ہونے والی مہم پورے صوبے اور ملک تک جانی چاہئے، جنسی زیادتی کے کیسز کو صرف رپورٹ کرنا کافی نہیںبلکہ اس کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانا بھی ہمارا فرض ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین اور بچوں کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے اور ضروری قانون سازی کی ہے، معاشرے کے تمام طبقات بشمول وکلاء ، صحافیوں،ٹیچرز، مذہبی رہنمائوں ، ڈاکٹرز، انجینئرز، بلاگرز،اسکالرز کو آگے بڑھ کر ہر قسم کی جنسی ہراسگی کے سدباب کے لئے کام کرنا ہے، ہمیں اپنے بچوں کو اس ظلم اور زیادتی سے محفوظ رکھنے کے لئے جوبھی اقدام ضروری ہے کرنا چاہئے، خلق خدا ویلفیئر ایسوسی ایشن کی اس حوالے سے کاوش قابل مبارکباد ہے اور امید ہے کہ اس کے نتیجے میں پھیلنے والی آگاہی ہمارے معاشرے کے اس بدترین ناسور کو ایک دن جڑ سے ختم کرنے میں کامیاب ہوگی، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ میں خلق خدا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد ہونے والے ایک روزہ سیمینار ’’جنسی ہراسگی اور بچوں سے زیادتی ‘‘کے موضوع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرپرسن سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی اور سابق صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود شمیم ممتاز، صدر خلق خدا ویلفیئر ایسوسی ایشن نعیم اعوان ، ڈائریکٹر CIIMمحمد شاہد اور دیگر بھی موجود تھے، سیمینار کے دوران مقررین نے بچوں کے ساتھ زیادتی اور جنسی ہراسگی کے حوالے سے اظہار خیال کیا جن میں شمیم ممتاز، نعیم اعوان، بیرسٹر حسن خان، ڈاکٹر نہال قادر، امجد چوہدری، سیدہ غزالہ، روبن پیٹرس اور دیگر شامل تھے، اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 35 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ ہم آج اپنے چیئرمین کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہیں ، ہمارے چیئرمین نے ہمیشہ انسانی حقوق کی سربلندی کے لئے کام کیا ہے اور ہمیں بھی اس بات کی تلقین کی ہے کہ معاشرے کے ہر فرد کے حقوق کا تحفظ کیا جائے اور خصوصاً خواتین اور بچوں کے حقوق کے لئے بھرپور کام کیا جائے، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود شمیم ممتازنے کہا کہ بلدیہ کراچی میں نئی کونسل بننے کے بعد خواتین ارکان کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنا ضروری ہے، ہمیں کراچی کی خدمت کرنی ہے، ہم نے بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے اس چیز کو فوکس کیا ہے ہمارا مقصد آواز اٹھانا ہے، رانی پور میں دس سالہ فاطمہ کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا یہی ہمارے لئے اپنے کام کی شروعات کا سبب بنا، میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی کی سربراہی میں ہم ایک ایسا ماڈل بنانا چاہتے ہیں جس میں معاشرے کے تمام افراد خود کو محفوظ تصور کریں، سیمینار کے دوران ماہرین نے شرکاء کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے، آخر میں شرکاء میں تربیتی اسناد تقسیم کی گئیں۔