Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے دن رات کوشش کررہے ہیں، پیپلز پارٹی عوام کی خدمت اور اپنے وعدے وفا کرنے پر یقین رکھتی ہے-

میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے دن رات کوشش کررہے ہیں، پیپلز پارٹی عوام کی خدمت اور اپنے وعدے وفا کرنے پر یقین رکھتی ہے، حالیہ بارش کے فوراً بعد نکاسی آب کا کام شروع کردیا گیا تھا مزید بارشوں کی صورت میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ شہر میں کہیں بھی بارش کا پانی کھڑا نہ ہو، شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام اداروں کے اشتراک سے کام کر رہے ہیں، بہتری و ترقی کا یہ عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا، یہ بات انہوں نے بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کے دورے اور ترقیاتی کاموں کے معائنہ کے موقع پر کہی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے چنیسر گوٹھ میں نئی بننے والی سڑک کے کام کا معائنہ کیا اور افسران کو پائیدار کام کے لئے ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ چنیسر گوٹھ کے رہائشیوں کے لئے یہ سڑک مرکزی راستہ ہے جو کافی عرصے سے مخدوش حالت میں تھی، ناہموار راستے کی وجہ سے گاڑیوں کا گزرنا بھی مشکل تھا لیکن اب یہاں نئی سڑک بنائی جا رہی ہے جس سے علاقہ مکینوں کو سہولت ملے گی، اس موقع پر چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے پی ای سی ایچ بلاک ۔6 میں نئی تعمیر ہونے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان روڈ کے کام کا بھی جائزہ لیا اور سڑک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، علاقہ مکینوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مرکزی شاہراہ کافی عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی جس پر میئر کراچی نے فوری توجہ دی اور علاقے کا ایک بڑا مسئلہ حل ہونے جا رہا ہے، پی ای سی ایچ بلاک ۔6 میں ڈاکٹرعبدالقدیر خان روڈ اور چنیسر گوٹھ کی سڑک کافی عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی ، دونوں سڑکوں کی ازسرنو تعمیر جاری ہے اور اسے جلد از جلد مکمل کرلیا جائے گا، کراچی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بارش کے بعد شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایم ڈی واٹر بورڈ اور دیگر افسران کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا جن میں اولڈ سٹی ایریا، ٹاور، ماڑی پور، مائی کولاچی روڈ اور ضیاء الدین احمد روڈ ،آئی آئی چندریگر روڈ، آئی سی آئی برج، سلطان آباد ،بوٹ بیسن، بلاول چورنگی اور ملحقہ علاقے شامل تھے، میئر کراچی نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے بعد کہیں بھی پانی جمع نہ ہونے پائے اور جلد از جلد نکاسی آب یقینی بنائی جائے، انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ بارش کے باوجود شہر کے نالے مکمل استعداد کے ساتھ بہہ رہے ہیں اور پیشگی صفائی کی وجہ سے صورتحال میں خاصی حد تک بہتری آئی ہے، میئر کراچی نے افسران سے کہا کہ نکاسی آب کے حوالے سے شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے تاکہ انہیں سہولت فراہم کی جاسکے۔