Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ پر ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، ٹرک اسٹینڈ کی نمائندہ تنظیمیں لینڈ رینٹ اور MUCT چارجز کی ادائیگی یقینی بنائیں-

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ پر ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، ٹرک اسٹینڈ کی نمائندہ تنظیمیں لینڈ رینٹ اور MUCT چارجز کی ادائیگی یقینی بنائیں، متعلقہ محکمے فوری طور پر واجبات کی وصولی کے لئے نوٹس جاری کریں، محکمہ لینڈ ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کی نمائندہ تنظیموں کے دفتر میں اپنا عملہ بٹھا کر تمام واجبات وصول کرے اور غیرقانونی تجاوزات کی نشاندہی کرے تاکہ محکمہ انسداد تجاوزات مقامی نمائندہ تنظیموں کی مدد سے زمین واگزار کرائے،یہ ہدایات انہوں نے پیر کی شام اپنے دفتر میں ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں، اس موقع پر میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹ کے چیئرمین غلام یٰسین خان ، کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری غلام محمدآفریدی، سندھ گڈز ٹرک اونرز کے جنرل سیکریٹری اعظم خان، امن دوست ٹریڈز ایسوسی ایشن کے صدر سلطان خان نیازی اور کے ایم سی کے متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے، اجلاس میں بتایا گیا کہ ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کے 17پلاٹس پر ہائیکورٹ کا اسٹے آرڈر ہے ، اب تک لینڈ ڈپارٹمنٹ نے ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کی زمین کے کرائے کی مد میں 200 ریکوری کے نوٹس جاری کئے ہیں جس پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام 689 افراد کو فوری ریکوری کے نوٹس جاری کئے جائیں اور ایسوسی ایشن کے تعاون سے واجبات کی ریکوری ممکن بنائی جائے، اس کے علاوہ جتنے بھی پلاٹس پر انکروچمنٹس ہیں ان کو اینٹی انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ ، لینڈ ڈپارٹمنٹ ، نمائندہ تنظیموں کے ممبران کے ساتھ مل کر خالی کرایا جائے گا، اس موقع پر ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کی نمائندہ تنظیموں نے لینڈ رینٹ اور MUCT کے چارجز ادا کرنے پر حامی بھری اور میئر کراچی کو اپنے تعاون کا یقین دلایا، میئر کراچی نے MUCT کے چارجز کے حوالے سے ڈائریکٹر فنانس وصی عثمانی کو رابطہ افسر مقرر کیا تاکہ MUCT کے واجبات وصول کئے جاسکے، اجلاس کے دوران دیگر معاملات پر بھی گفتگو کی گئی اور ٹرک اسٹینڈ کی بہتری کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔