Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد عوام کے مسائل کو حل کرنے پر رکھی گئی ہے، ہم مایوسی نہیں پھیلانا چاہتے -

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد عوام کے مسائل کو حل کرنے پر رکھی گئی ہے، ہم مایوسی نہیں پھیلانا چاہتے بلکہ مشکل حالات میں کام کرکے دکھانا چاہتے ہیں، کراچی میں پہلی بار یہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ تعصب اور نفرتوں کی سیاست کو دفن کرکے امید اور کام کی سیاست کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، آج کراچی کے تمام ٹائونز میں کام ہوتا نظر آرہا ہے، یہی پاکستان پیپلزپارٹی کا فلسفہ اور یہی ہماری سوچ ہے، ضلع ملیر میں حیدری اسپورٹس فٹ بال گرائونڈ کی تعمیر و ترقی اس حقیقت کا منہ بولتا ثبوت ہے، کراچی میں بہتری کا یہ سفر انشاء اللہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی سربراہی میں جاری و ساری رہے گا، یہ بات انہوں نے پیر کے روز ابراہیم حیدری ضلع ملیر میں حیدری اسپورٹس فٹ بال گرائونڈ کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کا نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سابق رکن اسمبلی سندھ محمود عالم جاموٹ، سابق رکن قومی اسمبلی سید آغا رفیع اللہ اور پیپلزپارٹی کے دیگر عہدیدار اور کارکنان بھی موجود تھے، میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کی تاریخ میں پہلی باربلدیاتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر میں نے اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے فیصلہ کیا کہ تنقید کا جواب اپنے کام سے دیں گے، ہماری پریس کانفرنس تنقید پر نہیں بلکہ کام پر ہوگی، ایک دن ہم ملیر اور دوسرے دن کورنگی، تیسرے دن ضلع وسطی اور پھر بلدیہ ٹائون یا گڈاپ میں کھڑے ہوتے ہیں مگر کہیں جا کر یہ نہیں کہتے کہ یہ کام نہیں ہوسکتا بلکہ عوامی مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں کیونکہ پیپلزپارٹی کا نظریہ ہے کہ تنقیدی سیاست چھوڑ کر آگے بڑھیں اور لوگوں کو سہولیات فراہم کریں، اس گرائونڈ کا سنگ بنیاد میں نے رکھا تھا اس وقت یہ کھنڈر حالت میں تھا، بلاول بھٹوصاحب نے کراچی نیبر ہڈ پروجیکٹس کے تحت اس کی بحالی و تعمیر کے لئے اقدامات کئے تاکہ علاقے کے لوگوں کو کھیل اور تفریح کی معیاری سہولیات فراہم کی جاسکیں، تقریباً دو ایکڑ رقبے پر گرائونڈ کے ساتھ فیملی پارک بھی بنایا گیا ہے جبکہ گرائونڈ میں تماشائیوں کے لئے پویلین، ٹوائلٹ،پیڈسٹرین راستہ،دفاتر، کھلاڑیوں کے لئے کمرے، لائٹ ٹاور، کار پارکنگ اور بیرونی حصے میں فٹ پاتھ کے علاوہ مکمل چار دیواری بھی تعمیر کی گئی ہے اور موجودہ پمپنگ اسٹیشن سے گرائونڈ کو پانی کی فراہمی کا بھی انتظام کیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ گرائونڈ اور پارک بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے ضلع ملیر کے عوام کے لئے خوبصورت تحفہ ہے ، میں یہاں کے لوگوں سے درخواست کروں گا کہ اس کی دیکھ بھال میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ طویل عرصے تک یہ اسی حالت میں رہے اور علاقے کے لوگوں کو سہولت ملتی رہے،انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری صاحب کا یہ مشن ہے کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں لوگوں کو کھیل و تفریح کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، اس کام تعاون پر میں پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت اور ٹائون انتظامیہ کا شکر گزار ہوں ، انہوں نے کہا کہ ضلع ملیر ، ابراہیم حیدری اور شیر پائو کالونی کے عوام کو ہم دو ہفتے میں ایک اور تحفہ اسٹار گرائونڈ کی شکل میں دینے جا رہے ہیں جہاں 20 ایکڑ رقبے پر مختلف کھیلوں کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ پیپلزپارٹی نے جو بھی منصوبہ شروع کیا اور جس کام بھی آغاز کیا اسے تکمیل تک پہنچایا، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سنگ بنیاد رکھنے کی روایت تو ہے مگر کام کو مکمل نہیں کیا جاتا، ہم نے آج ابراہیم حیدری کے عوام سے کیا ہوا وعدہ وفا کردکھایا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سائٹ کی سڑکوں پر جو کام کر رہے ہیں وہ بھی جلد مکمل ہوں گے اور آئندہ ایک ہفتے میں 23 سڑکیں مکمل کرکے علاقے میں کام کرنے والے مزدوروں اور صنعتکاروں کو سہولت فراہم کردی جائے گی، ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ کے الیکٹرک میں کمشنر ، میئر کراچی اور حکومت سندھ کو نمائندگی دی جائے اور اسی طرح سوئی سدرن گیس میں بھی ان تینوں اداروں کو نمائندگی ملنی چاہئے تاکہ لوگوں کے مسائل کو سمجھ کر انہیں حل کیا جاسکے۔