میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی بھر میں کہیں بھی پانی کے غیر قانونی کنکشن پائے گئے تو انہیں فوری کاٹ دیا جائے گا
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی بھر میں کہیں بھی پانی کے غیر قانونی کنکشن پائے گئے تو انہیں فوری کاٹ دیا جائے گا-، کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو اس کے ذمہ داروں کے ٹینک بھی ضبط کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے، یوسی۔10 بلدیہ ٹاؤن کے گراؤنڈ کو ترقی دے کر ککری گراؤنڈ کی طرز پر جدید اسپورٹس کمپلیکس بنایا جائے گا، لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس میں باسکٹ بال، اسکواش کورٹ، سوئمنگ پول سمیت تمام سہولیات کو فعال کیا جائے گا تاکہ لانڈھی کورنگی کے نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولت فراہم کی جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی۔10 بلدیہ ٹاؤن کے گراؤنڈ اور لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کے دورے کے موقع پر کیا، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سید صلاح الدین، ٹاؤن چیئرمین کریم آسکانی، یوسی چیئرمین محمد اکرم اعوان اور دیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ ٹاؤن میں گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور وہاں سے گزرنے والے سیوریج لائن کے نظام کو درست کرنے اور سیفٹی ٹینک بنانے کی ہدایت کی تاکہ اس پانی کو گراؤنڈ میں سبز ہ کاری کے لئے استعمال کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے انجینئرز کی زیر نگرانی گراؤنڈ کو اپ گریڈ کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ محکمہ پارکس یہاں شجر کاری کے لئے اقدامات کرے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن کی یوسیز میں پانی و سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، میں جب بھی یہاں آتا ہوں تو مجھے بڑی خوشی ہوتی ہے کہ یہاں سب لوگ مل کر کام کرتے ہیں خواہ ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہوجو کہ ایک خوش آئند ہے، شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے ہمیں اسی طرح کے طرز عمل کی ضرورت ہے، بعدازاں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یوسی۔10 بلدیہ ٹاؤن کے گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلی اور لوگوں میں گھل مل گئے، انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی جگہ کو قبضہ مافیا سے محفوظ رکھنا بڑی بات ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں اس علاقے کے نوجوانوں کو یہاں کھیل و تفریح کے بہتر ین مواقع میسر آئیں گے۔ لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کے دورے پر میئرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا جبکہ کے ایم سی کے افسران نے بریفنگ دی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لانڈھی کورنگی کے نوجوانوں کے لئے یہ بڑی سہولت ہے، کھیلوں تک عام افراد کی رسائی ضروری ہے، ہم شہر کے ہر علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں، لانڈھی شیر پاؤ کالونی میں جدید اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا گیا ہے، شہری ان اسپورٹس کمپلیکسز سے استفادہ کریں۔