میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سندھ حکومت اور CARTS کے تعاون سے کراچی کے مختلف علاقو ں میں معذور افراد کے لئے چار پارکس بنائے گی-
میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سندھ حکومت اور CARTS کے تعاون سے کراچی کے مختلف علاقو ں میں معذور افراد کے لئے چار پارکس بنائے گی ، یہ اہم فیصلہ آج کیا گیا ہے اور اس پر جلد عملدرآمد شروع ہو جائے گا، اس مقصد کے تحت کے ایم سی ڈپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسن ودھ ڈس ایبی لٹیز کے ذریعے اپنے پارکس سینٹر فار آٹزم ری ہیبی لیٹیشن ٹریننگ سندھ کو دے رہی ہے تاکہ ان پارکس کو تفریحی پارکس میں تبدیل کیا جاسکے ۔معذور افراد کی سہولت کے لئے کے ایم سی جو کچھ بھی کر سکتی ہے وہ ہم ضرور کریں گے ، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز سیکریٹری ڈپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسن ودھ ڈس ایبی لٹیز(DEPD) کے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر سیکریٹری ڈی ای پی ڈی ، میونسپل کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی ، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنیداللہ خان اور دیگر بھی موجود تھے، اجلاس کے دوران سیکریٹری ڈی ای پی ڈی نے معذور بچو ں کے حوالے سے کے ایم سی کے پارکس میں تفریحی سرگرمیوں کیلئے جگہ فراہم کرنے کی درخواست کی ، انہوں نے کہاکہ کراچی میں معذور افراد کی گروتھ اور ڈویلپمنٹ کی ضروریات کو پورا کرنے والی کوئی سہولت دستیاب نہیں ،اس ضمن میں رواں مالی سال کے دوران چار پارکس کو معذور افراد کیلئے مخصوص سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے اے ڈی پی اسکیم میں رقم مختص کی ہے ان پارکس میں ملیر سعودیہ پارک، لانڈھی عمران شہید پارک، فیملی پارک نارتھ کراچی اور کشمیر روڈ پارک شامل ہیں ، کشمیر روڈ پارک کو معذورافراد کیلئے ماڈل پارک بنایا جائے گا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ڈی جی پارکس کو ہدایت کی کہ سیکریٹری ڈی ای پی ڈی کے ساتھ مشترکہ کے ایم سی پارکس کا دورہ کریں خصوصاً باغ ابن قاسم اور اس سلسلے میں پروپوزل تیار کریں ، میئر کراچی نے سیکریٹری ڈی ای پی ڈی سے کہاکہ سفاری پارک میں ڈائنوسار سیکشن بنایا گیا ہے اگر آپ بچو ں کو وہاں کا دورہ کرانا چاہیں تو ہمیں پروگرام سے آگاہ کریں ہم آپ کے لئے وہاں خصوصی انتظامات کرائیں گے ، کراچی چڑیا گھر میں بھی معذور بچو ں کے لئے تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں فٹبال گراؤنڈ کے ساتھ ٹریک کے اطراف جگہ دستیا ب ہے وہاں بچوں کے لئے کوئی ایونٹ کرنا چاہیں تو ہم حاضر ہیں ۔