Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب سے امریکہ کے قونصل جنرل Mr.Conrad Tribbleنے بدھ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کی-

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب سے امریکہ کے قونصل جنرل Mr.Conrad Tribbleنے بدھ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کی، میئر کراچی نے کراچی میں تعینات ہونے والے نئے امریکی قونصل جنرل Mr.Conrad Tribbleکو بلدیہ عظمیٰ کراچی آمد پر خوش آمدید کہا، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان میں امریکہ کے تعاون سے مختلف شعبوں میں ترقی کے کام ہو رہے ہیں تاہم اس باہمی تعاون میں وسعت کی مزید گنجائش موجود ہے، انہوں نے کہا کہ امریکی سرمایہ کاروں کے لئے کراچی میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع دستیاب ہیں، امریکی سرمایہ کاروں کو کراچی میں حکومتی سطح پر ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، باہمی تجارت کے فروغ سے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب آنے کا موقع ملے گا، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کو اپنے منفرد جغرافیائی محل و قوع کے باعث اس خطے میں خاص اہمیت حاصل ہے،بین الاقوامی ایئر پورٹ اور بندرگاہوں کی وجہ سے کراچی ایک اہم تجارتی مرکز ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی بنیادی شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور کراچی میں واقع صنعتی زونز اور اہم کاروباری مراکز کو جدید تقاضوں کے مطابق بنایا جا رہا ہے تاکہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جاسکے، امریکی قونصل جنرل Mr.Conrad Tribbleنے کراچی میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے ہونے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اہم تجارتی و صنعتی مرکز کراچی میں ترقیاتی عمل خوش آئند ہے جس سے یہاں کے شہریوں کو فوائد حاصل ہوں گے، انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور ان میں مزید وسعت چاہتا ہے، کراچی میں سرمایہ کاری کی پیشکش کو امریکی حکومت تک پہنچایا جائے گا، مستقبل میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی اشتراک عمل میں اضافہ ہوگا۔