میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی والوں کو وہ شخص چاہئے جو کام کرسکے، پیپلزپارٹی کا میئر سارے شہر کی نمائندگی کرتا ہے، پیپلزپارٹی کا فلسفہ عوام کی خدمت کرنا ہے-
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی والوں کو وہ شخص چاہئے جو کام کرسکے، پیپلزپارٹی کا میئر سارے شہر کی نمائندگی کرتا ہے، پیپلزپارٹی کا فلسفہ عوام کی خدمت کرنا ہے،پیپلزپارٹی ہر زبان بولنے والوں کا ایک گلدستہ ہے، پیپلزپارٹی انسانیت کی بات کرتی ہے، گذری،ابراہیم حیدری اور ماڑی پور سے الیکشن لڑوں گا، منگھو پیر میں فٹ بال اسٹیڈیم کا قیام علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھاجسے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے پورا کیا ہے، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز منگھو پیر میں فٹ بال اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر رہنما پیپلزپارٹی اور سابق رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی، ٹاؤن چیئرمین نواز بروہی، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر دل محمد اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منگھوپیر میں شاندار فٹ بال گراؤنڈ سندھ حکومت کے اشتراک سے تعمیر کیا گیا ہے، ہم نے اپنا کیا ہوا وعدہ پورا کیا کیونکہ پیپلزپارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ابھی تو منگھوپیر کا ٹاؤن چیئرمین اور میئر کراچی ہمارا بنا ہے، میں جب پہلی بار اس گراؤنڈ میں آیا تو جنگل میں منگل کا سماں دیکھا ،یہاں پہاڑوں کے بیچ میں خوبصورت گراؤنڈ ہے،میں فٹ بال نہیں کھیلتا نہ ہمارا چیئرمین فٹبال کھیلتا ہے ، میں اور کرم اللہ وقاصی گذری گئے تھے ہم نے وہاں پر بھی فٹ بال گراؤنڈ کا افتتاح کیا تھا، ملیر میں بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں اس شہر کی عوام کی خدمت کر رہے ہیں، عنقریب سائٹ کے صنعتی علاقے میں 22 سڑکوں کا افتتاح کریں گے جہاں ہم نے اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وعدے کے مطابق 31 سڑکیں بنائی ہیں تاکہ صنعتی علاقے میں کام کرنے والے مزدوروں ، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جاسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ ہم پاک فوج کے جوانوں پر فخر کرتے ہیں اور چھ ستمبر کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،کل ایک چیمپئن آیا تھا اور کہہ رہا تھا ہم نے کراچی والوں کو بہت کچھ دیا ،میں میاں نواز شریف صاحب کا احترام کرتا ہوں البتہ ن لیگ کی قیادت سے کہوں گا کہ ان گائیڈڈ میزائل کو بھیجنے سے تعلقات خراب ہوں گے، انہوں نے کہا کہ مروجہ بلدیاتی قانون کی ضرورت کے تحت میں نے تین جگہوں گذری ،ابراہیم حیدری اور ماڑی پور کی یوسیز سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، میں شہر کا نمائندہ ہوں اور شہر کی خدمت کے لیے جو کچھ کیا جاسکتا ہے کیا جائے گا ۔