میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہم ایک جامع منصوبہ بندی کے ساتھ مسائل کو حل کرنے کے لیے میدان عمل میں اترے ہیں-
میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے کردار سے ثابت کیا ہم ایک جامع منصوبہ بندی کے ساتھ مسائل کو حل کرنے کے لیے میدان عمل میں اترے ہیں،ہماری پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں بلاتفریق خدمت کا جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کر رہے ہیں، ہم میں اور دوسروں میں فرق یہ ہے کہ دوسرے محض اربوں روپے کے پیکیج کا اعلان کرتے ہیں اور ہم کام کرکے دکھاتے ہیں،بلاول بھٹو زرداری نے اُمید کی جو کرن روشن کی وہ تیر کے ذریعے آگے جائے گی،شیر شاہ چوک سے مرزا آدم خان روڈ تک ایک اعشاریہ چھ کلومیٹر سڑک اور 4 ہزار 700 رننگ فٹ برساتی نالے کو تقریباً 43 کروڑ روپے لاگت سے ازسر نو تعمیر کیا جا رہا ہے،پروجیکٹ کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، پوری کوشش ہے کہ سال کے اختتام یا جنوری تک اسے مکمل کرلیں، یہ بات انہوں نے منگل کے روز شیر شاہ روڈ اور برساتی نالے کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ٹائون چیئرمین ،یوسی چیئرمین، پیپلزپارٹی کے مقامی عہدیداران، ڈائریکٹر میگا پروجیکٹ کراچی اور دیگر بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شیر شاہ روڈ کا علاقہ اہم کاروباری مرکز ہے جہاں اس کام کی اشد ضرورت تھی، شیر شاہ روڈ ضلع جنوبی کو کیماڑی سے اور حب سے ملا تا ہے لہٰذا اس کی بڑی اہمیت ہے،کراچی سے بلوچستان جانے والے اس شاہراہ کو استعمال کرتے ہیں،مخدوش برساتی نالے کی وجہ سے شیر شاہ روڈ پر پانی کھڑا رہتا تھا،ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک کو پائیدار بنانے کے لیے صرف استر کاری یا لیپا پوتی نہیں کررہے ،ہم سڑک خراب ہونے کی بنیادی وجہ کو بھی دور کررہے ہیں،پیپلز پارٹی کے کارکنان نے اس سڑک کی نشاندہی کی ، اپنی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اس پروجیکٹ کو منظور کرانے میں مدد کی، شیر شاہ روڈ اور برساتی نالے کی تعمیر سے اس علاقے میں آمد و رفت کا نظام بہتر ہوگا،شیر شاہ روڈ پر خوبصورت اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جائیں گی،میئر کراچی نے کہا کہ ہماری پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وعدے کے مطابق سائٹ کے صنعتی علاقے میں 31 سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جن میں سے 22سڑکوں کا افتتاح آئندہ دس یوم کے اندر شروع ہوجائے گا،ان سڑکوں کی تعمیر سے علاقے کے عوام، مزدوروں، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو بہت سہولت حاصل ہوگی،انہوں نے کہا کہ اردو زبان میں ت سے تنقید بھی ہے اور ترقی بھی ، فیصلہ کرنا ہے ہمیں تنقید چاہئے یا ترقی، پریس کانفرنسیں اور دھرنے چاہئیں یا کام ، کراچی میں ایسے لوگ ہیں جو عوام کو ورغلاتے اور اپنی تشہیر کے لیے پریس کانفرنسیں کرتے ہیں مگر شہر کی ترقی سے انہیں کوئی غرض نہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان صبح سے شام تک عوام کو سہولیات پہنچانے میں مصروف ہیں،کراچی میں بہتری اور ترقی کا جو سفر شروع کیا ہے اسے آئندہ بھی جاری رکھیں گے اور لوگوں کے مسائل کو حل کرکے انہیں ریلیف دیں گے۔