Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہر اچھے کام میں کراچی کی انتظامیہ عوام کے ساتھ ہے،امن و امان ، صفائی ستھرائی ، سیوریج اور دیگر مسائل پہلی ترجیح ہے-

میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہر اچھے کام میں کراچی کی انتظامیہ عوام کے ساتھ ہے،امن و امان ، صفائی ستھرائی ، سیوریج اور دیگر مسائل پہلی ترجیح ہے تمام کام بہترین انداز میں انجام دیئے جائیں گے، یہ بات انہوں نے پیر کی شام ڈپٹی میئرکراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ نشتر پارک کے دورے میں جعفریہ الائنس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر جعفریہ الائنس کے جنرل سیکریٹری شبر رضا اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے، شبر رضا نے میئر کراچی کو کمانڈ اینڈ کنٹرول کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہاں 100سے زائد ایچ ڈی کیمرے نشتر پارک سے سولجر بازار ،گرومندر، ایم اے جناح روڈ اور امام بارگاہ علی رضا تک کا علاقہ کور کر رہے ہیں،چہلم کے موقع پر نشتر پارک میں مجلس اور جلوس کی سیکورٹی کی نگرانی کی جائے گی، میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نشترپارک تاریخی جگہ ہے ، ریاستی اداروں کے علاوہ لوگوں کو بھی خود کچھ کرنا چاہئے جس وقت میں ایڈمنسٹریٹر تھا تب میں نے ان سے گزارش کی تھی کہ اپنی مدد آپ کے تحت بھی کچھ کریں، آج میئر کی حیثیت سے دیکھ کر یہ خوشی ہوئی ہے کہ جعفریہ الائنس کے تحت یہاں 100 سے زائد کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں، دعا ہے کہ پروردگار ہم سب کو محفوظ رکھے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گلشن حدید واقعہ پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، سلمان عبداللہ مراد میرا بھائی ہے ہمارے درمیان کوئی جھگڑا نہیںہوا اس حوالے سے خبریں بے بنیاد ہے، قبل ازیں مرکزی مجالس و جلوس عزاء کمیٹی کے سرپرست علامہ باقر حسین زیدی کی سربراہی میں مختلف عزاء دار تنظیموں کے نمائندوں پر مبنی وفد نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کی جس میں غفران مجتبیٰ، علی ناصر ،جعفر بلگرامی اور حفاظت رضوی شامل تھے جبکہ میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات کے دوران نشتر پارک ، ایم اے جناح روڈ اور دیگر مقامات پر چہلم کی مجالس اور جلوس کے انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چہلم کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اجلاس میں پرمٹ ہولڈرز کی شرکت یقینی بنائی جائے گی اور چہلم کی مجالس اور جلوس کے مقامات اور راستوں پر بلدیاتی مسائل حل کئے جا ئیں گے، جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے ان کا مکمل جائزہ لے کر پائیدار عملی اقدامات کریں گے،چہلم کے مرکزی جلوس کے راستے پر سڑکوں کی مرمت و استرکاری، اسٹریٹس لائٹس کی بحالی اور صفائی ستھرائی بنیادی مسائل ہیں، بلدیاتی انتظامیہ چہلم کے موقع پر متحرک اور فعال ہے مل جل کر تمام کام کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر میں امن، اخوت، مساوات اور بھائی چارگی کو عام کرنے کی ضرورت ہے، علماء کرام اور اکابرین شہر اس سلسلے میں اپنا کلیدی ادا کریں ، مذہبی تہواروں اور دیگر مواقع پر ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم آپس میں متحد ہیں اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ چہلم کے مرکزی جلوس کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور شہری انتظامیہ اپنے فرائض سے آگاہ ہے اور علماء کرام کی مشاورت اور رہنمائی سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، اس موقع پر وفد کے اراکین نے شہر کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی کوششوں کو سراہا اور انہیں شہر کی بہتری کے لئے کئے جانے والے تمام کاموں میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔