Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ جڑانوالہ جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سیاسی قیادت اپنا کردار ادا کرے

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ معاشرے میں عدم برداشت ملکی وحدت کے لئے ناسور سے کم نہیں، اس کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اشد ضرورت ہے، جڑانوالہ جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت سیاسی قیادت اپنا کردار ادا کرے، ایسے واقعات عالمی سطح پر ملک کی بدنامی کا باعث ہیں، یہ بات انہوں نے ٹرینٹی کیتھڈرل چرچ کے دورے میں فریڈرک جون و دیگر مسیحی رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر کہی، ملاقات میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے جڑانوالہ واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے مسیحی کمیونٹی کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا، انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما ہونے کے ناطے ہمیں بین المذاہب اور مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے رہتے ہیں اور ملک کی ترقی میں ان سب کا کردار ہے، پاکستان کا آئین بھی اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے لہذا یہ ہماری معاشرتی، اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے کہ جڑانوالہ جیسے واقعات کے تدارک کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کریں اور ایسے مواقع پر متاثرہ ہم وطنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں، میئرکراچی نے کہا کہ ہمارا ملک اس قسم کے واقعات کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہمیں من حیث القوم باہمی اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کر کے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے فریڈرک جون و دیگر مسیحی رہنماؤں سے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ ہم سب کے لیے شرمناک ہے، اس میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھیں گے.