میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ 12 ربیع الاول کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر شہری ادارے ہر ممکن بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں گے-
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی کی ضرورت ہے، انشاء اللہ ہم مل کر تمام مسائل حل کریں گے، 12 ربیع الاول کے حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر شہری ادارے ہر ممکن بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں گے، یہ ہمارا مذہبی فریضہ بھی ہے کہ رحمت اللعالمین رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دنیا میں آمد کا جشن بھرپور طریقے سے منائیں اور آپ صل اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی دنیا و آخرت سنواریں، یہ بات انہوں نے دارالعلوم جامعہ نعیمہ کے دورے میں علامہ لیاقت حسین، مفتی عابد اور دیگر سے ملاقات کے موقع پر کہی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے مفتی منیب الرحمان اور اہل سنت والجماعت کے علماء سے بھی ملاقات کی اور 12 ربیع الاول کے لئے بہتر انتظامات کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ آپ مفتی اعظم ہیں اور پاکستان کی عوام کے لئے مفتی صاحب کے لئے عزت و احترام ہے، مفتی صاحب ہمیشہ چاند اور عید کی خوش خبری دیتے رہے ہیں۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ تمام مسلمانوں کے لئے ربیع الاول کا مہینہ انتہائی مقدس ہے اور علمائے کرام نے ہمیشہ باہمی اخوت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے، جامعہ نعیمیہ اور دیگر مذہبی اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں، اس موقع پر مفتی منیب الرحمن اور دیگر علماء نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ میئرکراچی اور دیگر منتخب نمائندے 12 ربیع الاول سے قبل بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے، میئرکراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ شہری انتظامیہ سڑکوں کی مرمت و استرکاری، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی سمیت مختلف کام کر رہی ہے اس کے علاوہ بھی جن مسائل کی نشاندہی کی جائے گی انہیں بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریںگے۔