16-08-2025
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تمام بڑے ترقیاتی منصوبے چھ ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں محکمہ انجینئرنگ کا ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا،اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی، مشیر مالیات گلزار ابڑو، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن برائے میئر اخلاق یوسفزئی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ اسپورٹس کمپلیکس میں ترقیاتی کام 25 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ شاداب گراؤنڈ اور شادمان آئی ٹی سینٹر پر تیزی سے کام جاری ہے اور یہ منصوبے جنوری سے قبل مکمل ہونے کی توقع ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ شمسی توانائی کے آلات ملتے ہی شارع ایران کو رواں ماہ کے آخر تک سولر لائٹس سے روشن کر دیا جائے گا، میئر کراچی نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام بڑے ترقیاتی منصوبے جو اس وقت جاری ہیں، انہیں ہر صورت چھ ماہ کے اندر مکمل کیا جائے، انہوں نے غیر قانونی کیبل نیٹ ورکس کیخلاف بڑے آپریشن کے فوری آغاز کا بھی حکم دیا اور کہا کہ اس حوالے سے ایف آئی آرز میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے،میئر کراچی نے متوقع بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر شہریوں کو پریشانی سے بچانے کے لیے فوری ہنگامی اقدامات شروع کرنے کے احکامات جاری کیے، شفافیت اور مؤثر نظام کو یقینی بنانے کے لیے انہوں نے ہدایت دی کہ اندرونی گلیوں کی مرمت کے بعد سڑکوں کو باقاعدہ تحریری طور پر متعلقہ ٹاؤن انتظامیہ کے حوالے کیا جائے اور غیر قانونی روڈ کٹنگ کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی کی جائے،میئر کراچی نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، بہتر انفراسٹرکچر اور شفاف نظام کے ذریعے کراچی کے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی