14-08-2025
صرف باتیں نہیں، کام کرکے دکھانا ہوگا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا یوم آزادی پر مزار قائد پر خطاب
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے یوم آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور شہریوں کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس سال 14 اگست 2025 کو حسب روایت مزار قائد آیا ہوں تاکہ بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرسکوں، قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت اور کاوشوں کے باعث ہمیں آزاد ریاست اسلامی جمہوریہ پاکستان کی شکل میں ایک عظیم ملک نصیب ہوا۔ آج کا دن اس نظریے کی تجدید کا دن ہے جس کی بنیاد پر یہ ملک قائم ہوا اور آج ہی کے دن ہم بانیان پاکستان کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کو بھارتی جارحیت کا سامنا رہا تاہم پاکستان نے دو ٹوک اور واضح مؤقف اپنا کر دشمن کو واضح پیغام دیا، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اگر کوئی ملک یا گروہ اپنے مذموم مقاصد کے لیے ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو پوری قوم اس کا منہ توڑ جواب دے گی، ہمیں اپنی افواج پاکستان پر فخر ہے جنہوں نے ہمیشہ مادر وطن کا دفاع کیا اور ہر محاذ پر دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا،آج کا دن نہ صرف آزادی کی خوشی منانے کا ہے بلکہ یہ تجدید عہد وفا اور اپنی قربانیوں کو یاد رکھنے کا دن بھی ہے،میئر کراچی نے کہا کہ اس ملک کی سلامتی کے لیے تمام پاکستانی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا، اس سال 14 اگست کا مہینہ ہمارے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ گزشتہ 13 روز سے ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات جاری رہیں۔ عوام نے جوش و خروش سے شرکت کی اور ہر شہر، قصبے اور گاؤں میں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، خصوصاً صوبہ سندھ میں عوام نے بھرپور انداز میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا،انہوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والی مرکزی تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اس شاندار جشن نے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم کسی بھی چیلنج سے گھبرانے والی نہیں ہے، میئر کراچی نے کہا کہ دعا گو ہوں کہ ہم دنیا کو یہ باور کروا سکیں کہ ہم پرعزم قوم ہیں اور کسی بھی بیرونی دباؤ یا سازش سے نہیں ڈرتے، انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے کراچی کے عوام کو حب ڈیم سے نئی کینال کے ذریعے اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبے کو ایک تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے منوایا کہ کام کون کرتا ہے اور صرف بات کون کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے اور ان منصوبوں کے ذریعے عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، یہ سفر صرف آغاز ہے، ہم کراچی سمیت پورے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرتے رہیں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آج کا کراچی وہ کراچی ہے جس کی ہم سب توقع کرتے ہیں، وہ وقت گزر گیا جب اس شہر میں بوری بند لاشوں کی سیاست ہوا کرتی تھی، اب یہ شہر ترقی، روشنی اور امن کی جانب گامزن ہے،انہوں نے کہا کہ بعض حلقے حب کینال سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ کینال بہہ گئی ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ نئی کینال کا افتتاح بلاول بھٹو زرداری صاحب نے کردیا اور پرانی کینال کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے، انہوں نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ کے فور منصوبے کا افتتاح پانچ مرتبہ ہو چکا ہے مگر کام ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا،میئر کراچی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دوست آزادی کا جشن ضرور منائیں لیکن کام پر بھی توجہ دیں، عوام مایوسی نہیں بلکہ عملی کام دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی اور مصطفی کمال وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں، ان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ میں نے کل کہا تھا کہ شہباز اسپیڈ، شہباز اسپیڈ نہیں رہی، اب عوام کارکردگی مانگتے ہیں،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم کراچی کو گٹکے والوں کے بجائے قلم والوں کا شہر بنائیں گے،منفی سیاست کے دور کا خاتمہ ہو چکا ہے، اب صرف کارکردگی ہی عوامی عدالت میں سرخرو کرے گی۔