میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کی موجودہ صورتحال میں آئی ٹی سیکٹر گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کی موجودہ صورتحال میں آئی ٹی سیکٹر گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔ کراچی کی 55 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ درست رہنمائی اور مواقع ملیں تو یہ نوجوان آئی ٹی میں مہارت حاصل کر کے ملک کو پہنچا سکتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی زمینوں پر آئی ٹی منصوبوں کی پیشکش کرتے ہیں، آئی ٹی پارکس کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ایک اچھا بزنس ماڈل ہو گا، کراچی میں آئی ٹی سی این ایشیا نمائش مقامی سطح پر آئی ٹی اور کمیونیکیشن کو سمجھنے کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے،نمائش کے منتظمین اور تمام مندوبین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایکسپو سینٹر میں تین روزہ تئیسویں آئی ٹی سی این ایشیا نمائش کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور میئرکراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایسے ایونٹس کراچی کے متعلق منفی تاثر کو ختم کرکے شہر کا مثبت امیج ابھارسکتے ہیں، میں اور ڈپٹی میئر کراچی اس قسم کے ایونٹس کے انعقاد میں آپ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔آیئے ذہنی رکاوٹوں کو دور کریں اور شہر کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کریں، لوگوں کو روزگار کی فراہمی اور کاروبار کی ترقی کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔اس سے کراچی، صوبہ سندھ اور پورے پاکستان کا بھلا ہوگا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آئی ٹی سی این ایشیا کے آرگنائزرز کو کراچی میں کام کرنے کے لیے جگہ درکار ہے یا کوئی اور جگہ چاہئے تو انہیں کے ایم سی ہر قسم کا تعاو ن فراہم کرے گی، اکیسویں صدی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، بدقسمی سے ماضی میں ہمارے ہاں حکومتوں نے آئی ٹی سیکٹر کو سپورٹ نہیں کیامگر اب خوشی کی بات ہے کہ اب اس جانب زیادہ سے زیادہ توجہ دی جارہی ہے، انہوں نے نمائش کے منتظمین سے کہا کہ آپ لوگ میرے دفتر آئیں اور مجھے بتائیں کہ ہم مقامی سطح پر آئی ٹی کے فروغ کے لیے آپ کی کیا مدد کرسکتے ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی آئی ٹی منصوبوں میں ٹیکسز سے چھوٹ دلانے میں بھی مدد فراہم کرسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ آئی ٹی سی این ایشیا میں معروف بین الاقوامی کمپنی گوگل سمیت ایشیا کی بڑی اور نامور آئی ٹی کمپنی شرکت کررہی ہیں جس سے مقامی سطح پر کام کرنے والے آئی ٹی اداروں کو جدید ترین ٹیکنالوجی تک رسائی میں مدد ملے گی اور ان شاء اللہ پاکستان جلد خطے میں آئی ٹی اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا اہم مرکز بن کر ابھرے گا، اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور کرم اللہ وقاصی کو منتظمین کی جانب سے اجرک اور سوینئر کا تحفہ پیش کیا گیا جبکہ میئر کراچی نے آئی ٹی سی این ایشیا نمائش میں شریک کمپنی کے نمائندوں کو نمایاں کارکردگی پر شیلڈ اور سوینئر دیئے۔