Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

02-07-2025

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے بلدیاتی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے بلدیاتی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر شاہد مصطفی کی قیادت میں صحافیوں کے ہمراہ وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں شہر کے ترقیاتی منصوبوں، مالی سال 2025-26 کے میزانیے اور بلدیاتی سطح پر جاری سرگرمیوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی، میئر کراچی نے وفد کو بتایا کہ موجودہ مالی سال میں 10 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن میں سڑکوں کی تعمیر، پارکس کی بحالی، نکاسی آب اور انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہے، انہوں نے کہا کہ 18 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تمام منصوبوں کو آئندہ دو سال کے اندر مکمل کر لیا جائے گا،انہوں نے واضح کیا کہ کورنگی کازوے 15 اکتوبر جبکہ شاہراہ بھٹو 30 دسمبر تک مکمل کرلی جائے گی، اس کے علاوہ جناح ٹاؤن میں اسلامیہ کالج چورنگی کے نقشے پر بھی تبادلہ خیال ہوا، میئر کراچی نے بلدیاتی صحافیوں کو دعوت دی کہ وہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کریں تاکہ عوام کو حقائق سے آگاہ کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی صحافیوں کا کردار شہر کی بہتری میں نہایت اہم ہے اور ان کے توسط سے عوام تک درست معلومات پہنچتی ہیں،اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے باغ ابن قاسم، سفاری پارک، گارڈن، فریئر ہال اور صادقین آرٹ گیلری سمیت شہر کے نمایاں پارکس اور ثقافتی مقامات کی بحالی کے حوالے سے گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ فریئر ہال میں سی ایس ایس کلاسز سے نوجوانوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے تعاون سے شہر میں دو جدید پارکنگ پلازہ تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو پارکنگ کے مسائل سے نجات دلائی جا سکے،میئر کراچی نے کہا کہ شہر کی تاریخی عمارات کو ان کی اصل حالت میں بحال کیا جارہا ہے جن میں خالق دینا ہال، فریئر ہال، ایمپریس مارکیٹ کے بعد اب ڈینسو ہال اینڈ لائبریری کو تزئین و آرائش کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اپنے تمام اثاثوں کو ڈیجیٹلائز کر رہی ہے تاکہ شہر کے ورثے کو محفوظ کیا جا سکے اور نئی نسل کو کراچی کی شاندار تاریخ سے روشناس کرایا جائے،انہوں نے بلدیاتی صحافیوں کو دعوت دی کہ وہ میکس ڈینسو ہال میں آئیں اور شہر کی خدمت میں ہمارا ساتھ دیں، انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ اس تاریخی عمارت میں ادبی، ثقافتی اور علمی تقریبات کا انعقاد ہو جن میں حمد و نعت کی محافل، قوالی، بین الکلیاتی مباحثے، شاعری اور افسانہ خوانی کی نشستیں شامل ہوں،میئر کراچی نے کہا کہ ڈینسو ہال کی تزئین و آرائش کے لیے کے ایم سی کا بجٹ شفاف انداز میں استعمال کیا گیا ہے اور ادارہ ہر قدم پر احتساب اور شفافیت کو یقینی بنا رہا ہے،چارجڈ پارکنگ کے نظام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہری اس سہولت سے مستفید ہوں،آخر میں میئر کراچی نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی شہریوں کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں جس سے حکومت کو اپنی پالیسیوں میں بہتری لانے کا موقع ملتا ہے، انہوں نے کہا کہ میڈیا کا تعاون قابلِ تحسین ہے اور بلدیاتی حکومت اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔