01-07-2025
کے ایم سی رواں ماہ 11 ارب روپے کی 105 ترقیاتی اسکیمیں شروع کرے گی۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں محکمہ انجینئرنگ کے افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں مالی سال 2025–26 کے دوران جاری اور آئندہ شروع کی جانے والی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا،اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسزطارق مغل نے میئر کراچی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نے بتایا کہ کے ایم سی رواں ماہ (جولائی) میں 11 ارب روپے مالیت کی 105 ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کرے گی، جو شہر کے انفراسٹرکچر میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے،ڈی جی ٹیکنیکل سروسز نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت سے رواں مالی سال کے لیے 29 ارب روپے کی ترقیاتی اسکیمیں حاصل کی گئی ہیں۔ ان اسکیموں کے تحت 166 منصوبے ترتیب دیے گئے ہیں جنہیں ہر صورت میں اسی مالی سال کے اندر مکمل کیا جائے گا، گزشتہ مالی سال میں 73اسکیمیں کامیابی سے مکمل کی گئیں جبکہ جاری سال کے دوران مزید 45 اسکیمیں تکمیل کے قریب ہیں، میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے متعلقہ افسران کو سخت کوالٹی کنٹرول برقرار رکھنے اور خاص طور پر مون سون سیزن کے دوران چوکنا رہنے کی بھی ہدایت کی تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات نہ ہوں اور ان کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے، اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی (پی اے ایس)، مشیر مالیات گلزار ابڑو، ڈائریکٹر میڈیا دانیال سیال اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی،میئر کراچی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کے ایم سی شہر کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور شہریوں کو واضح نتائج فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔