Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

30-06-2025

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا وزیر بلدیات کو خط، روڈ کٹنگ چارجز کے فنڈز سے سڑکوں کی فوری بحالی کا مطالبہ

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ، حکومت سندھ کو ایک اہم عوامی مسئلے کی جانب توجہ دلاتے ہوئے خط لکھا ہے جس میں ترقیاتی کاموں کے دوران کی جانے والی روڈ کٹنگ کے بعد سڑکوں کی بحالی و مرمت میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے،اپنے خط میں میئر کراچی نے نشاندہی کی کہ اگرچہ لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ، کے ایم سی اور سابق ڈی ایم سیز کی جانب سے سندھ حکومت کے تعاون سے روڈ انفراسٹرکچر کے مختلف منصوبے مکمل کیے گئے ہیں مگر شہر کے بیشتر علاقوں میں سڑکوں کی حالت اب بھی خراب ہے، اس کی بنیادی وجہ یوٹیلیٹی سروس فراہم کنندگان کی جانب سے روڈ کٹنگ کے بعد سڑکوں کی مرمت نہ ہونا ہے حالانکہ متعلقہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کی جانب سے روڈ کٹنگ چارجز وصول کیے گئے تھے،میئر کراچی نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ گیس اور دیگر سہولیات کی فراہمی اہم ہے لیکن کھودی گئی سڑکوں کی مرمت بھی عوامی تحفظ اور سہولت کے لیے اتنی ہی ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو بحالی کے لیے ملنے والے فنڈز کے باوجود اکثر سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے خط میں مزید کہا کہ یہ مسئلہ متعدد بار وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ ہونے والی میٹنگز میں بھی اٹھایا گیا ہے، انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ ٹاؤنز نے اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے کے ایم سی کے زیرِانتظام سڑکوں سے بھی روڈ کٹنگ فیس وصول کی ہے،انہوں نے وزیر بلدیات سے باضابطہ درخواست کی ہے کہ وہ تمام ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے میونسپل کمشنرز کو ہدایت جاری کریں کہ وہ حاصل کردہ فنڈز کو فوری طور پر متاثرہ سڑکوں کی مرمت کے لیے استعمال کریں، یہ اقدام عوامی مشکلات میں کمی اور خاص طور پر حالیہ بارشوں کے بعد سڑکوں کی بگڑتی ہوئی حالت کے پیشِ نظر شہر کے انفراسٹرکچر کو محفوظ و فعال رکھنے کے لیے ضروری ہے۔