Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

21-06-2025

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا وفاقی حکومت سے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈز کی منصفانہ تقسیم کا مطالبہ

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیر تجارت اور چیئرمین ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (EDF) بورڈ جام کمال خان کو لکھے گئے خط میں کراچی کو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈز کی تقسیم اور استعمال میں مسلسل نظرانداز کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ کراچی کو اس کے معاشی کردار کے مطابق جائز حصہ فراہم کیا جائے،اپنے خط میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے واضح کیا کہ کراچی پاکستان کی کل برآمدات کا تقریباً 55 فیصد فراہم کرتا ہے، جو اسے ملک کی معیشت کا مرکز بناتا ہے، اس کے باوجود کراچی کو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سے اب تک کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچا، حالانکہ یہ فنڈ ملک بھر میں برآمدی انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا تھا،خط میں میئر کراچی نے لکھاہے کہ یہ افسوسناک ہے کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی طرف سے کراچی کے برآمدی شعبے کو فعال بنانے کے لیے کوئی نمایاں اقدام نہیں کیا گیا، فنڈز کی غیرمنصفانہ تقسیم اور استعمال اس تاثر کو تقویت دیتا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کو نظر انداز کر رہی ہے،انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی دارالحکومت کے طور پر کراچی کی آبادی اور صنعتی پیداوار تیزی سے بڑھ رہی ہے جس کے لیے انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور برآمدات سے متعلق سہولیات میں مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ فنڈز کی تقسیم شہر کی حقیقی ضروریات اور اس کی شراکت کی عکاس ہونی چاہیے،میئر کراچی نے EDF بورڈ سے مطالبہ کیا کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران فنڈز کی ملک بھر میں تقسیم کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور اس حوالے سے کراچی میں شروع کئے گئے منصوبے کی شفاف معلومات پیش کی جائیں،انہوں نے کہا کہ کراچی کی شمولیت کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں، اس کے جائز حصے کو نظر انداز کرنا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ قومی ترقی کے لیے نقصان دہ بھی ہے،میئر کراچی نے وفاقی وزیر تجارت اور چیئرمین ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (EDF) بورڈ جام کمال خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے کراچی کو وفاقی سطح پر برآمدات کے فروغ سے متعلق اقدامات میں نظرانداز نہ کیا جائے۔