20-06-2025
میئر کراچی اور قائد حزب اختلاف کے درمیان جامع بجٹ منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سٹی کونسل میں قائد حزب اختلاف سیف الدین ایڈووکیٹ کے درمیان آئندہ مالی سال 2025–26 کے بجٹ کے حوالے سے ایک تعمیری اور مثبت ملاقات ہوئی، اس ملاقات کے دوران میئر کراچی نے قائد حزب اختلاف کو آئندہ بجٹ میں متوقع آمدنی اور محصولات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، گفتگو کا محور بجٹ سازی کے عمل کو شفاف اور جامع بنانا اور ترقیاتی ترجیحات کو شہر کی متنوع آبادی کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا تھا، میئر کراچی بیر سٹرمرتضیٰ وہاب نے تمام منتخب نمائندوں کی مشترکہ ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے بہتر مستقبل کے لیے بین الجماعتی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کا یکجا ہوکر کام کرنا ضروری ہے، ملاقات میں اہم ترقیاتی منصوبوں، انفراسٹرکچر کی بہتری اور طویل المدتی سروس ڈلیوری اقدامات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں نے کراچی کے عوام کے وسیع تر مفاد میں اجتماعی حکمرانی کے ماڈل کو فروغ دینے اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، مزید برآں میئر کراچی نے اس بات سے اتفاق کیا کہ یونین کونسل کی سطح پر بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار بنایا جائے، خصوصاً کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے معاملات میں تاکہ خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر اور مقامی سطح پر مربوط بنایا جا سکے، ملاقات میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی (PAS)، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی اور دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے۔