Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

19-06-2025

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے پلاسٹک شاپرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی سخت ہدایات کی روشنی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر بھر میں پلاسٹک شاپرز کے استعمال اور فروخت کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن مہم کا آغاز کر دیا ہے، یہ مہم 15 جون 2025 سے نافذ ہونے والی سرکاری پابندی کے بعد شروع کی گئی۔محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئرافسران کی نگرانی میں مختلف بازاروں اور تجارتی علاقوں میں متعدد کارروائیاں کی گئیں،اب تک دکانداروں اور تاجروں سے 12 ٹن سے زائد پلاسٹک بیگز ضبط کیے جا چکے ہیں جو پابندی کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔ ٹیموں نے متعدد دکانداروں کو وارننگ بھی جاری کی ہے اور ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، میئر کراچی نے اس بات پر زور دیا کہ پلاسٹک شاپرز کا استعمال شہر کے نکاسی آب کے نظام، ماحولیات اور سمندری حیات کے لیے سنگین خطرہ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ مہم پائیدار متبادل کو فروغ دینے اور کراچی کو صاف و سرسبز بنانے کے ویژن کا حصہ ہے،کے ایم سی پلاسٹک شاپرزپر پابندی کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کرے گی،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان دانیال سیال نے کہاکہ محکمہ انسدادتجاوزات کی ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ معائنوں میں مزید تیزی لائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کریں،یہ کریک ڈاؤن آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا اور تمام بڑے بازاروں، سپرمارکیٹس اور تھوک فروش مراکز پر نگرانی میں اضافہ کیا جائے گا، شہریوں سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ماحول دوست متبادل اشیاء استعمال کرکے اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں،یہ اقدام ماحولیاتی ذمہ داری اور شہری پائیداری کی جانب ایک اہم قدم ہے جو کراچی کو عالمی رجحانات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے پلاسٹک آلودگی میں کمی کے ہدف کی جانب گامزن کرے گا۔