Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

31-05-2025

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اورنگی ٹاؤن میں متعدد پارکوں اور ناظم آباد میں سڑک کا افتتاح کردیا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اورنگی ٹاؤن میں چار پارکوں شہید عامر بھٹو فیملی پارک ،مسجد خضراپارک، معراج نبی پارک ،رحمت چوک پارک اور ناظم آباد میں سڑک کا افتتاح کرنے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کے مسائل حل کریں،پندرہ جون سے شہر میں پلاسٹک کی تھیلیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی، جو ٹھیکیدار سڑکوں کے معیار مطابق تعمیر نہیں کریں گے اسے بلیک لسٹ کیا جائے گا اور اگر کے ایم سی کے افسران ملوث پائے گئے تو انہیں پہلے معطل اور پھر نوکری سے برخاست کردیا جائے گا، ملیر کے علاقے میں 1.2 ارب روپے کی لاگت سے برج بنانا چاہتے ہیں، جس کے لئیے پاکستان ریلوے کی این او سی کا انتظار ہے جس کے لئے پاکستان ریلوے 16 کروڑ روپے طلب کر رہا ہے، یہ شہر چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، کراچی معاشی حب ہے اسے چلنے دیا جائے، ان خیالات کا اظہار میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ناظم آباد نمبر 4 میں ہفتے کے روز سڑک کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، پاکستان پیپلزپارٹی ضلع وسطی کے سردار خان اور دیگر مقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں اور ہم سب مل کر اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وعدہ ہے کہ شہر کے ہر حصے میں کام کیا جائے گا، ہم نے کیایم سی میں سخت فیصلے کئے ہیں جس کے نتیجے میں آج ہر ضلع میں کام ہوتا ہوانظر آرہا ہے، آج جس سڑک کا میں نے افتتاح کیا ہے وہ یہاں کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ تھا، انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دو اہم چیلنجز ہیں، پہلا یہ کہ عیدالاضحی کے موقع پر آلائشوں کو اٹھانے اور دوسرا آنے والی بارشیں ہیں، کراچی کی انتظامیہ نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ ایک جامع پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے تحت تمام 25 ٹاؤنز اور ساتوں اضلاع میں کام کیا جائے گا، گلی، محلوں سے آلائشیں اٹھائی جائیں گی، اس سلسلے میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ٹاؤن کے چیئرمینوں کے ساتھ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی میٹنگ بھی منعقد ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ اس آپریشن میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ کام کرتا نظر آئے گا، آلائشیں اٹھانے کے بعد چونے کا چھڑکاؤ اور اسپرے کیا جائے گا، سب مل کر کام کریں گے تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ 15 جون سے کراچی کے بڑے نالوں کی صفائی کا کام کا آغاز کیا جا ئے گا جس کے لئے ٹینڈر کئے جاچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ 15 جون سے ہی کراچی میں ہر طرح کی پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی کا آغاز ہوگا، یہ پلاسٹک کی تھیلیاں نالوں کو چوک کرتی ہیں، میں عوام سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ وہ تھیلیوں کے استعمال سے گریز کریں، ہمارا عملہ اپنی ذمہ داری موثر انداز میں نبھا رہا ہے، شہری انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ آنے والی بارشوں میں شہریوں کو تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے کہا کہ جس نو تعمیر شدہ سڑک کا آج افتتاح کیا گیا ہے وہ کے ایم سی کی ذمہ داری نہیں تھی لیکن عوام کی سہولت کے لئے ہم نے اس سڑک کو تعمیر کیا، انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کو اللہ تعالیٰ توفیق دے، وہ خود نمائی اور خود پسندی سے باہر نکال کر کام کریں، انہوں نے کہا کہ حالات اگر آئیڈیل نہیں ہوئے ہیں لیکن بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں، میئر کراچی نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پانی چوری کرنے والوں کے خلاف ہم کارروائی میں کنکشن منقطع کرتے ہیں، پولیس کو ایسے لوگوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرکے سزا دلوانی چاہئے، میئر کراچی نے کہا کہ آئی جی کو خط لکھ رہا ہوں اور جو غیرقانونی ہائیڈرینٹس چل رہے ہیں وہ ان کے خلاف کارروائی کریں، مقدمات بنائیں تاکہ وہ عدالت سے باعزت بری نہ ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ کے فور کی لاگت بڑھتے بڑھتے 240 ارب تک جا پہنچی ہے لیکن تاحال یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ آئی آئی چندریگر روڈ اور شاہراہ فیصل پر بہت سی زمین پاکستان ریلوے کے پاس ہے اور ہمیں وہاں پبلک کی سہولت کے منصوبوں میں رکاوٹ کا سامنا ہے، بعدازاں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اورنگی ٹاؤن میں شہید عامر بھٹو فیملی پارک سمیت اورنگی ٹاؤن سیکٹر نمبر 8 میں مسجد خضراپارک، معراج نبی پارک اور رحمت چوک پارک کا افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید عامر بھٹو بہترین سیاسی کارکن تھا،عامر بھٹو کے والد بھی یہاں موجود ہیں،چاچا بھاشانی کے پورے خاندان نے پیپلز پارٹی کے لیے قربانیاں دی ہیں، ہم چاچا بھاشانی آپ کے دکھ اور تکلیف میں برابر کے شریک ہیں،شہید کے قاتلوں کو سزا دلوائیں گے، عامر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا جو شخص شہر کراچی کی خدمت کرتا ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے ان کی خدمات کو فراموش نہ کریں، پیپلز پارٹی کے کارکنان عامر بھٹو کے اہل خانہ کے غم میں برابر شریک ہیں،یو سی چیئرمین شہید عامر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے اورنگی ٹاؤن کے اس پارک کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، آج یہ پارک کے ایم سی کی جانب سے اورنگی ٹاؤن والوں کے لیے تحفہ ہے،امید کرتا ہوں کام کو بہتر کرنے میں آپ لوگ ساتھ دیں گے، بلاول بھٹو صاحب کا نظریہ ہے کہ عام آدمی کی خدمت کی جائے،شہر میں پیپلزپارٹی کے سپاہی براجمان ہیں اور خدمت کر رہے ہیں، علی نگر اور احمد چوک میں پارک کا جلد افتتاح کریں گے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر ہمارا کنکریٹ کا جنگل بن گیا تھا،لوگوں کو کھلی فضا فراہم کرنے کے لئے پارک بنا رہے ہیں،ہم نے اس سال پچاس پارک بنانے کا فیصلہ کیا ہے،ہم تو شاید اچھا ٹائم نہیں دیکھ پائے جو ہمارے بڑوں نے دیکھا تھا،پارک کی دیکھ بھال کے لئے محلہ کمیٹیاں بنائی جائیں تاکہ پارکس محلہ کمیٹی کی نگرانی میں رہے، انہوں نے کہا کہ اورنگی میں سڑک بھی بن رہی ہے،پیور بلاک بھی لگ رہے ہیں