21-05-2025
KMC کی جانب سے میونسپل قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کریک ڈاؤن شروع
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کچرا پھینکنے، سڑکوں پر گاڑیاں دھونے، تجاوزات اور دیگر میونسپل قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور مہم کا آغاز کر دیا ہے، انفورسمنٹ اور امپلیمنٹیشن ڈیپارٹمنٹ نے گلشن اقبال، ضلع کورنگی، ناظم آباد اور دیگر اہم علاقوں میں کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ دکانداروں اور کاروباری اداروں کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل نے شہر میں وا قع شاپنگ مال، شاپنگ پلازہ، دفاتر صنعتی و تجارتی مراکز کی سڑکوں، گلیوں میںگاڑیاں دھونے والوں اور نرسریوں میں واٹر بورڈ کی لائنوں سے پانی استعمال کرنے والوں کے خلاف سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے باب 15 کے سیکشن (132) اور جدول ششم کے تحت جرمانے عائد کرنے کی قرار داد منظور کی تھی، یہ بات مشاہدہ میں آئی ہے کہ متعدد مقامات پر گاڑیوں کی صفائی ستھرائی اور دھلائی کرنے والے افراد مذکورہ مقامات پر گاڑیوں کی دھلائی کرتے ہیں جبکہ شہر میں واقع بسوں، ویگنوں اور کوچز کے اڈوں پر بھی ان گاڑیوں کی دھلائی کی جاتی ہے جس میں پانی کا بے دریغ استعمال کرنے سے ناصرف سڑکوں پر گندگی جمع ہوتی ہے بلکہ سڑکیں ٹھوٹ پھوٹ کا بھی شکار ہوجاتی ہے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ان سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال میں ہر سال ایک خطیر رقم خرچ کرتی ہے ، اس کے ساتھ ساتھ شہر میں متعدد مقامات پر تجاوزات کے قائم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے جبکہ بعض مقامات پر پیدل چلنے والوں کو بھی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے میونسپل قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کردیا ہے ۔