16-05-2025
بلدیہ عظمیٰ کراچی نے یوم تشکر انتہائی جوش و خروش سے منایا۔
میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ آج ہم اپنی کامیابی اور خوشی کا جشن منارہے ہیں، بھارت کا مودی اپنی فوج اور معیشت پر ناز کرتا تھا، ہماری افواج نے ایسا جواب دیا کہ بھارت کو لگ پتاگیا، افواج پاکستان کی جانب سے روایتی دشمن بھارت کو تاریخی شکست دی، تم ہمیں قومیتوں میں بانٹنے کی کوشش کروں گے تو کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگے، پاکستان زندہ آباد ہے اور رہے گا، جب جب مشکل وقت آیا آپ نے متحد ہو کر غاصبوں کا جواب دیا، ان خیالات کااظہار انہوں نے بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے افواج پاکستان سے اظہار تشکر کیلئے پولو گراؤنڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میونسپل کمشنر افضل زیدی، مینیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی، مینیجنگ ڈائریکٹر ادارہ فراہمی و نکاسی آب احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی اور سٹی کونسل اراکین سمیت سٹی وارڈنز اور کے ایم سی افسران وملازمین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے قومی پرچم لہرا کر ملک و قوم سے والہانہ محبت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں متحد ہوکر حالات کامقابلہ کیا، پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو پاکستان کی افواج جواب دیں گی، ہم متحد ہیں اور متحد رہیں گے، پاکستان افواج نے مودی سرکار کو سبق سکھایا، میئر کراچی نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی مجھے اپنے قومی ترانے پر ناز ہے اور اپنے ملک سے محبت کیلئے ہمیں یک زبان ہوکر قومی ترانہ پڑھناچائیے، میئر کراچی نے یوم تشکر کی تقریب میں شرکاء کے ہمراہ قومی ترانہ پڑھا۔