14-05-2025
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ٹینکر سروس کی اوورچارجنگ کے خلاف سخت ایکشن
نجی واٹر ٹینکر آپریٹرز کی جانب سے اوورچارجنگ سے متعلق شہریوں کی بڑھتی ہوئی شکایات پر میئر کراچی اور چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KWSC) بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دے دیا ہے، ٹینکر آپریٹرز کی جانب سے پانی کی فراہمی کے لیے زائد رقم وصول کرنے کے الزامات کی تحقیقات کے لیے باضابطہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں عامر وقار کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جسے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جامع تحقیقات کر کے 10 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے، میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہیں کہ تمام ٹینکر آپریٹرز سے تفصیلی ریکارڈ اور آپریشنل ڈیٹا حاصل کیا جائے تاکہ مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کا استحصال کرنے والوں کی نشاندہی کی جا سکے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے تحفظات بالکل درست ہیں اور انہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، جو بھی آپریٹر اوورچارجنگ میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ شہری حکومت کسی بھی قسم کے استحصال کو برداشت نہیں کرے گی، خاص طور پر پانی جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی میں، اس انکوائری کا مقصد عوام کے اعتماد کو بحال کرنا اور واٹر ڈسٹری بیوشن میں شفافیت اور منصفانہ نظام کو یقینی بنانا ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شفافیت، عوامی خدمت اور احتساب کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا، اور کہا کہ بلدیاتی نظام میں ہر سطح پر ان اصولوں کو یقینی بنایا جائے گا۔