Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

09-05-2025

کراچی( ) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے بجٹ اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے بجٹ اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، مشیر مالیات گلزار علی ابڑو، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل، ممتاز تنولی اور دیگر افسران نے شرکت کی، اجلاس کے دوران ڈپٹی میئر کراچی کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری اور مجوزہ منصوبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، بجٹ میں شہری ضروریات، ترقیاتی اسکیموں اور انفراسٹرکچر کو ترجیح دیے جانے پر زور دیا گیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں تیزی لائی جائے تاکہ عوامی مسائل کا فوری حل ممکن ہو، انہوں نے کہا کہ سست روی ناقابل قبول ہے اور کارکردگی کا معیار برقرار رکھنا ضروری ہے،اجلاس میں شہر کی سڑکوں، پلوں اور فٹ پاتھوں کی مرمت اور بحالی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات بھی دیے گئے، سڑکوں کی خستہ حالی سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ ہر اسکیم کے لیے مختص رقم کا درست اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا، کراچی کو صاف، محفوظ اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے تمام اداروں کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا، شہری سہولیات میں بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے اپنے علاقوں کے مسائل اجاگر کریں تاکہ مقامی سطح پر ترقیاتی منصوبے مؤثر ثابت ہوں،اجلاس میں شجرکاری، پارکوں کی بحالی اور ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی، شہر کے ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جلد ترقیاتی کاموں کے نتائج نظر آئیں گے، کراچی کی ترقی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔