03-05-2025
آزادی صحافت جمہوریت کی روح ہے. میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا عالمی یومِ آزادی صحافت پر پیغام
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر صحافی برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن دنیا بھر میں صحافیوں کی قربانیوں، ان کی انتھک جدوجہد اور آزادی اظہار رائے کے تحفظ کے لیے منایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک آزاد اور غیر جانبدار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، جو عوام کو حقائق تک رسائی فراہم کرتی ہے اور سماج کو باخبر رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عالمی یومِ آزادی صحافت ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ سچ بولنے کی قیمت اکثر بھاری ہوتی ہے، لیکن خاموشی اس سے کہیں زیادہ نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ آزادی صحافت پر قدغنیں دراصل جمہوریت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہیں۔ ایسے میں صحافیوں کو آزاد، محفوظ اور دباؤ سے پاک ماحول فراہم کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔میئر کراچی نے کہا کہ صحافت صرف خبر رسانی نہیں بلکہ معاشرتی شعور، انصاف، شفافیت اور عوامی آواز کو بلند کرنے کا ذریعہ ہے۔ صحافی ظلم و جبر کے خلاف قلم اٹھاتے ہیں، حقائق کو بے نقاب کرتے ہیں اور مظلوموں کی آواز بنتے ہیں۔ ان کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان تمام صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہیے جنہوں نے سچ کی راہ میں اپنی جانیں قربان کیں۔ میڈیا کی آزادی کا تحفظ دراصل انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے اور ایک باشعور قوم ہمیشہ آزاد اور ذمہ دار صحافت کا ساتھ دیتی ہے۔ میئر کراچی نے نوجوان نسل پر بھی زور دیا کہ وہ جھوٹی خبروں، افواہوں اور پراپیگنڈے سے بچنے کے لیے مستند اور آزاد ذرائع پر انحصار کریں اور حق و سچ کے علمبردار بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم آزادی صحافت کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت صرف صحافیوں کی نہیں، بلکہ ہر فرد کی آزادی ہے، اور اس کا دفاع ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔