Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

24-04-2025

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے دورہ چین کے دوران شنگھائی کے میئر گونگ ژینگ -سے نہایت خوشگوار ماحول میں ملاقات کی،

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے دورہ چین کے دوران شنگھائی کے میئر گونگ ژینگ (Gong Zheng) سے نہایت خوشگوار ماحول میں ملاقات کی، اس ملاقات میں دونوں شہروں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، میئر شنگھائی نے میئر کراچی کو شنگھائی کے جدید اور موثر شہری ٹرانسپورٹ سسٹم کے بارے میں بریفنگ دی، انہوں نے اس سسٹم کی منصوبہ بندی، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے اصولوں پر روشنی ڈالی جو دنیا بھر میں ایک ماڈل کے طور پر دیکھا جاتا ہے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شنگھائی ٹرانسپورٹیشن کمانڈ سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں شہر کے ٹریفک مینجمنٹ، ماس ٹرانزٹ سسٹم اور شہری نقل و حمل میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں،دونوں میئرز نے شہری ترقی، پبلک ٹرانسپورٹ، ماحولیاتی تحفظ اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ جیسے اہم شعبہ جات میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شنگھائی کے شہری نظام کو سراہتے ہوئے اسے ایک قابل تقلید مثال قرار دیا،میئر کراچی کے اس دورے کے دوران شنگھائی کی میونسپل انتظامیہ کے دیگر اہم مراکز کا بھی دورہ متوقع ہے جہاں انہیں شنگھائی کے شہری نظم و نسق، پبلک یوٹیلٹیز اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق براہ راست مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے اس اہم دورے میں شنگھائی کی اعلیٰ سطحی شہری قیادت، ٹیکنیکل ماہرین اور مختلف محکموں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں شامل ہوں گی،یہ دورہ نہ صرف کراچی اور شنگھائی کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دے گا بلکہ شہری ترقی کے نئے امکانات کے دروازے بھی کھولے گا، اس طرح کے بین الاقوامی روابط سے کراچی کو ایک جدید، ترقی یافتہ اور اسمارٹ سٹی بنانے کے خواب کی تعبیر ممکن ہو سکے گی، میئر کراچی کا دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ کراچی کو عالمی شہروں کے ہم پلہ لانے کے لیے سنجیدہ اور دوررس اقدامات کیے جا رہے ہیں، یہ قدم مستقبل میں کراچی کے لیے بہتر منصوبہ بندی، جدید سہولیات اور بین الاقوامی شراکت داری کا راستہ ہموار کرے گا،میئر شنگھائی گونگ ژینگ نے کہا کہ مستقبل میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں اشتراک اور دونوں شہروں کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مشترکہ کام کرنا چاہئے،پاکستان اور چین کے مابین مضبوط اقتصادی شراکت داری کو شہری سطح پر بھی فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،دورے کے دوران میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کی ترقی کے لیے بین الاقوامی معیار کو اپنایا جائے گا اور شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور انتظامی ماڈلز سے استفادہ کیا جائے گا،میئر کراچی کا یہ دورہ پاک چین تعلقات کے تسلسل کا حصہ ہے جو کہ معاشی، سماجی اور ثقافتی سطح پر مضبوطی کی جانب گامزن ہیں، ان تعلقات کو میونسپل سطح پر فروغ دینا دوستی کو نئی جہتوں سے آشنا کرے گا،اس موقع پرشنگھائی کے میئر گونگ ژینگ نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا