19-04-2025
میئر کراچی کی زیر صدارت کے ایم سی انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کا اہم اجلاس،
ترقیاتی منصوبوں میں تیزی کی ہدایت
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔میئر کراچی نے اجلاس میں واضح ہدایات جاری کیں کہ 154 جاری ترقیاتی اسکیموں کو 30 جون 2025 سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے۔ یہ اسکیمیں ڈسٹرکٹ اے ڈی پی اور صوبائی اے ڈی پی کے تحت جاری ہیں۔ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز، طارق مغل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان اسکیموں میں سے 80 اسکیمیں ڈسٹرکٹ اے ڈی پی جبکہ 74 اسکیمیں صوبائی اسکیموں کے تحت جاری ہیں اور اب تک 224 اسکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 109 نئی اسکیمیں تیاری کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں اور ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ بہت جلد ایوارڈ لیٹرز جاری کر دیے جائیں گے اور کام کا آغاز کیا جائے گا۔اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضال زیدی (PAS)، فنانشل ایڈوائزر گلزار ابڑو، ڈی جی ٹیکنیکل سروسز طارق مغل اور دیگر افسران شریک تھے۔میئر کراچی نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ کراچی کو جدید اور بہتر شہر بنایا جا سکے۔