Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

15-04-2025

کراچی منصوبوں کیلئے وزیر اعظم کو خط لکھا جاچکا، 80 ارب روپے پانی کے پروجیکٹس پر خرچ کر رہے، میئر کراچی

شہر کی بہتری کیلئے کاٹی کی جانب سے شاہراہ بھٹو پر شجرکاری مہم کیلئے 5 ہزار درختوں کو عطیہ کیا جارہا ہے، صدر جنید نقی کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے پر شجرکاری مہم کے سلسلے میں درختوں کی حوالگی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رواں سال بجٹ میں صنعتی علاقوں کیلئےفنڈ مختص کرنے کیلئے کام جاری ہے، کوشش کررہے ، امید کر رہے ہیں کہ بجٹ کے بعد تمام انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کو ماضی کی طرح ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز دستیاب ہوں۔ تقریب میں صدر کاٹی جنید نقی، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، سینئر نائب صدر اعجاز شیخ، نائب صدر طارق حسین، جی ایف ایس بلڈرز کے چیئرمین عرفان واحد، ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو، یڈمنسٹریٹر کورنگی نعیم شیخ، سابق صدر دانش خان، سلیم الزماں، شیخ فضل جلیل، فرخ مظہر، ایس ایس پی کورنگی طارق نوازسمیت صنعتکاروں اور ممبران بھی شریک تھے۔ مرتضی وہاب نےمزید کہا کہ جب ہم انڈسٹریل زون کا دورہ کرتے تھے تو اکثر شکایات سننے کو ملتی تھیں، لیکن آج کاٹی کے ساتھ کوآرڈینیشن دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شجرکاری مہم ماحولیاتی بہتری کے ساتھ شہری شعور اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے۔ ہم اس راستے کو سگنل فری بنانے اور اسے کلیئر کرنے پر کام کر رہے ہیں، تاکہ عوام کو ٹریفک جام جیسے مسائل سے نجات ملے۔میئر کراچی نے اعلان کیا کہ شاہراہ بھٹو کا دوسرا فیز 30 اپریل تک اور تیسرا فیز دسمبر 2025 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ قائدآباد تک کے راستے کی بہتری کے لیے وزیراعظم کو 7 ارب روپے کے فنڈز کے لیے خط لکھا جا چکا ہے۔ جام صادق فلائی اوور پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور 14 اگست 2025 تک نیا فلائی اوور مکمل ہوجائے گا، جب کہ کورنگی کراسنگ برج کو 30 اگست تک کھولا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ80 ارب روپے حکومت پانی کے منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے، اور کے-فور منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے وفاق سے مالی معاونت کی اپیل کی گئی ہے۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کاٹی نے جس طرح شاہراہ بھٹو کے دونوں اطراف شجرکاری کی پیشکش کی ہے، وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی انڈسٹریل زون کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھاری فنڈز درکار ہیں، جس کے لیے پی سی ون تیار ہو چکا ہے اور جون یا جولائی سے عملی کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم صرف ایکسپریس وے کی حد تک محدود نہیں بلکہ پورے شہر کی ماحولیاتی اور انفرااسٹرکچر بہتری کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔قبل ازیں صدر کاٹی جنید نقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، ہم میئر کراچی، کمشنر کراچی اور عرفان واحد کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ہماری دعوت پر یہاں تشریف لائے۔ انہوں نے بتایا کہ کاٹی نے اس مہم کے تحت پانچ ہزار درخت عطیہ کیے ہیں، اور کے ایم سی، سندھ فاریسٹ اور دیگر اداروں کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان کی دیکھ بھال بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواب اب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ شاہراہ بھٹو کے پہلے فیز کا آغاز ہو چکا ہے، اور یہ شاہراہ کے پی ٹی اور پورٹ قاسم کو جوڑنے میں مدد دے گی۔جنید نقی نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی دنیا کا دوسرا بڑا شہر ہے، اور ہمیں دنیا کے ساتھ خود کا موازنہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی۔ بہتر ماحول کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، اور کاٹی اس سلسلے میں ہر ادارے کے ساتھ کھڑی ہے۔صدر کاٹی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات صحت کے شعبے میں قابل تعریف ہیں۔ کاٹی کے ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا نے اس موقع پر کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے سندھ حکومت اور بزنس کمیونٹی کو قریب لانے کے لیے کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سات کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو باقاعدگی سے میٹنگز کر رہی ہیں۔ جام صادق برج پر جس تیزی سے کام ہو رہا ہے وہ ماضی میں کبھی نہیں دیکھا۔ زبیر چھایا نے شہر کے اہم مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں سب سے بڑا مسئلہ نکاسی آب کا ہے، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہے۔ ہمیں سیوریج نظام کی بہتری کے لیے ایک علیحدہ اتھارٹی قائم کرنی ہوگی۔ انہوں نے انکروچمنٹ کے مسئلے پر بھی بات کی اور کہا کہ فٹ پاتھوں پر قبضہ، ٹھیلوں اور ہوٹل مالکان کی جانب سے راستہ بند کرنا ٹریفک جام کی بڑی وجہ ہے۔