Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

08-04-2025

تھائی لینڈ کے قونصل جنرلMr. Surashete Boontinand نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے منگل کی صبح ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا-

تھائی لینڈ کے قونصل جنرلMr. Surashete Boontinand نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے منگل کی صبح ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تھائی لینڈ کے قونصل جنرل کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر آمد پر خوش آمدید کہا،ملاقات کے دوران میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تھائی لینڈ میں حالیہ زلزلے کے باعث ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ پاکستان کے عوام اس صورتحال میں تھائی قوم کے ساتھ ہیں اور ان کی جلد از جلد بحالی کی امید رکھتے ہیں، صوبہ سندھ اور کراچی میں مروجہ بلدیاتی نظام کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہاکہ بلدیہ عظمی کراچی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا مرکزی ادارہ ہے جس کے تحت شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں، صوبائی حکومت کے تعاون سے کراچی کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور ا ن منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو اپنی روز مرہ زندگی میں خاطرخواہ سہولیات میسر آئی ہیں، انہوں نے کہاکہ رہائشی علاقو ں کے ساتھ ساتھ کراچی کے مختلف صنعتی زونز کو بھی ترقی دی جارہی ہے ، اس حوالے سے متعلقہ تجارتی اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد ہورہاہے اور پوری کوشش کی جارہی ہے کہ شہر کے تمام حصوں میں یکساں رفتار سے ترقیاتی کام کئے جائیں ، عوامی بہبود کے منصوبوں میں سڑکوں اور پلوں کی تعمیرو مرمت ، کشادگی ، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت، پارکوں اور تفریحی مقامات کی بحالی اور نئے منصوبوں کا آغاز سمیت پانی وسیوریج کے نظام کو بہتر اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے پروجیکٹس پر کام جاری ہے، انہوں نے کہاکہ کراچی پاکستان کا اہم کاروباری و صنعتی مرکز ہے ، اپنی منفرد جغرافیائی اہمیت کے سبب ساحلی شہر کراچی میں واقع بندرگاہ پر کارگو شپنگ اور جہاز رانی کی سرگرمیاں سارا سال جاری رہتی ہیں، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے منسلک ہونے کے باعث کراچی کی بندرگاہ کو تجارتی حوالے سے خا ص اہمیت حاصل ہے ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ کراچی میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے مختلف شعبوں میں پرکشش مواقع دستیاب ہیں، تھائی لینڈ کو کراچی میں سرمایہ کاری پر مکمل تعاون فراہم کریں گے، اس موقع پر تھائی لینڈ کے قونصل جنرلMr. Surashete Boontinand نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو تھائی قونصلیٹ میں منعقد ہونے والے فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ تھائی لینڈ کی حکومت کراچی اور پاکستان کے دیگر شہروں کی ترقی کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہے، کراچی میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہونے والے ترقیاتی کام خوش آئند ہیں اور امید ہے کہ ان کے مفید نتائج سامنے آئیںگے۔