Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

27-03-2025

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ پاکستان کا سب بڑا مسئلہ ہےمجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کراچی پہلا شہر ہے جس کو کیپ C-40 کی رکنیت ملی ہے

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ پاکستان کا سب بڑا مسئلہ ہے اس سے دیہی اور شہری علاقے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کراچی پہلا شہر ہے جس کو کیپ C-40 کی رکنیت ملی ہے، یہ ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے، میئر کراچی نے کراچی کلائمنٹ چینج ایکشن پلان کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ C-40 کی رکنیت کے بعد کراچی کو اس حوالے سے انٹرنیشنل فنڈنگ بھی ملے گی، کلائمنٹ چینج کے لئے کے ایم سی نے 100 ملین روپے انڈومنٹ فنڈز قائم کردیا ہے، ہم حکومت کے پاس بھی جائیں گے اور حکومت سندھ اور وفاقی حکومت سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ اس میں مزید رقم فراہم کرے، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جمعرات کے روز کڈنی ہل پارک میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، میونسپل کمشنر افضل زیدی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں بڑے پیمانے پر کون سے درخت لگنے ہیں، کہاں لگنے ہیں ، پانی کی ضروریات کیسے پوری کرنی ہے، کاربن فوٹ پرنٹ کو کیسے کنٹرول کرنا ہے، پانی کو کیسے ری سائیکل کرنا ہے، سمندری حیات کو کیسے بہتر کرنا ہے، سستی بجلی کیسے فراہم ہوگی، صنعتی فضلے کو کیسے ٹھکانے لگایا جائے گاتمام چیزیں اس ماسٹر پلان میں شامل کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ آئندہ بیس پچیس سالوں میں گلوبل وار سے کیسے بچ سکتے ہیں، اس کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کڈنی ہل پارک میں بڑے پیمانے پر درخت لگائے گئے تھے آج اس کے مثبت اثرات یہاں نظر آرہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ فرینڈز آف کراچی کے نام سے ایک بورڈ تشکیل دے رہے ہیں جس میں منتخب نمائندوں کے ساتھ ساتھ حکومتی افسران بھی شامل ہوں گے ، پرائیویٹ سیکٹر کے لوگوں کو بھی شامل کیا جائے گا اور یہ بورڈ ان معاملات کو آگے بڑھائے گا، انہوں نے بتایا کہ 2022 ء کے متاثرہ علاقوں میں حکومت سندھ 21 لاکھ گھر بنا کر دے رہی ہے ، متاثرہ اضلاع میں اربن سینٹر بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کڈنی ہل پارک میں پہلا سولر پارک تعمیر کیا گیا تھا اس کے بعد کے ایم سی بلڈنگ کو سولر پر منتقل کیا ہے اور اب حکومت سندھ کی مدد سے چار اسپتالوں کو سولر پر منتقل کرنے جا رہے ہیں جس سے ان اسپتالوں کو بلاتعطل بجلی فراہم ہوگی اور کاربن فوٹ پرنٹ کم کرنے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ گڈاپ کے علاقے میں چار پمپنگ اسٹیشن کو بھی سولر پر منتقل کیا جا رہا ہے، مخیر حضرات کو آفر دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر کام کریں تاکہ اس شہر کا بھلا ہو، انہوں نے کہا کہ 62 ایکڑ رقبے پر مشتمل یہ کڈنی ہل کورنگی، لیاری ندی اور سومار کڈیانی پر اربن فاریسٹ بنا رہے ہیں، ملیر اور لیاری ندی کے اطراف زرخیز ہیں ، دونوں اطراف کو گرین زون میں تبدیل کریں گے تاکہ گلوبل وارمنگ کے چیلنجز سے نمٹا جا سکے، سائٹ کے علاقے گٹر باغیچہ میں زمین موجود ہے وہاں بھی اربن فاریسٹ تعمیر کریں گے، انہوں نے کہا کہ میں وزیر تعلیم سے بات کروں گا کہ اسکول کے نصاب میں اس بات کو شامل کیا جائے کہ ہر بچہ ایک پودا لگائے اور اس کی نگہداشت بھی کرے، انہوں نے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں اور دیگر ادارے اپنا سماجی و فلاحی بجٹ وہاں خرچ کرے جس شہر میں وہ ادارہ کام کر رہا ہے اور اس میں مقامی منتخب نمائندوں کو بھی شامل کریں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے پی ٹی کا کام پورٹ کو چلانا ہے ، ہائوسنگ سوسائٹیاں بنانا نہیں ہے، میئر کراچی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گورنر سندھ میرے بڑے ہیں میں گورنر کا احترام کرتا ہوں جو شخص مجھے یہ کہہ رہا تھا کہ اختیارات لے لو آج وہی خود اختیارات مانگ رہے ہیں، راشن باٹنا اور کھانا کھلانا ذاتی عمل ہوتا ہے، ضرورت مندوں کی مدد کریں لیکن اس کی تشہیر مناسب نہیں، انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم کو مخلصی نہیں امید دینا چاہتا ہوں، صدر پاکستان آصف علی زرداری کہا کرتے ہیں کہ ہمیں ایڈ نہیں ٹریڈ چاہئے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام مارٹن کوارٹر اور جمشید کوارٹر کا کیا حال ہے اس سے آپ وفاقی حکومت کی دلچسپی کا اندازہ کرسکتے ہیں۔