Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

18-03-2025

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے شہریوں کو بچانے کے لئے 290 ملین روپے کی لاگت سے 29 کلوریشن سینٹر بنائے جا رہے ہیں-

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے شہریوں کو بچانے کے لئے 290 ملین روپے کی لاگت سے 29 کلوریشن سینٹر بنائے جا رہے ہیں، 14 اگست تک حب ڈیم سے چار کروڑگیلن اضافی پانی ملنا شروع ہوجائے گا، کے فور 80 ارب روپے کا منصوبہ ہے اس پر بھی تواتر کے ساتھ کام شروع کرنا ہوگا، پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کا حصہ نہیں ہے، 2006 ء کے بعد وفاقی حکومت نے کے ایم سی کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میرا ہاتھ تھام لیا ہے میں نے بھی ان کا ہاتھ تھام لیا ہے، آئندہ دس سے پندرہ روز میں گورنرصاحب کی کوششوں سے وفاقی حکومت سے سو ارب روپے کے ایم سی کو ملنے والے ہیں، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منگل کے روز کڈنی ہل کلوریشن پمپنگ اسٹیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، ممتاز تنولی اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماء بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پانی میں کلورین کے شامل ہونے سے نیگلریا جیسی بیماری پر قابو پایا جاسکے گا، کراچی کے دیگر علاقوں میں 29 کلوریشن سینٹر رمضان کے اختتام پر کام کرنا شروع کردیں گے، انہوں نے کہا کہ پانی حیات ہے اور یہ انسان کا بنیادی حق ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی شہر کے گلی محلوں میں پانی لانا چاہتے ہیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے فور منصوبے کا پانچ بار افتتاح ہوچکا ہے، کوئی بھی اس پر اپنی تختی لگا دے لیکن شہر کو پانی دیں، وزیراعظم جب پانچویں بار کے فور منصوبہ کا افتتاح کرنے آئے تو بلاول بھٹو نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا کہ وہ اپنی رفتار کے مطابق کام کروائیں اور اس منصوبے کے لئے فنڈز فراہم کریں، وفاقی بجٹ جب پاس ہوا تو اس منصوبے کے لئے فنڈزنہیں رکھے گئے تھے، میئر کراچی نے کہا کہ آئی آئی چندریگر روڈ پر پارکنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے، ریلوے کے پاس سب سے زیادہ زمین ہے، 1995ء میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ریلوے کا بیک یارڈپاکستان اسٹاک ایکسچینج کو پارکنگ کے لئے دیا تھا لیکن آج تک پاکستان ریلوے نے اس زمین کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو نہیں دیا، وزیراعظم کو نہیں معلوم ہوتا کہ عام آدمی کو کتنی مشکلات ہیں، گورنر سندھ جب وفاقی حکومت سے فنڈز دلوائیں گے تو ٹاور اور شاہین کمپلیکس کے پاس پارکنگ پلازہ بنائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ میرا کامران ٹیسوری سے پرانا رشتہ ہے، میں ان کا وکیل رہا ہوں، انہوں نے میرے خط کا اچھا جواب دیا ہے، مجھے امید ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے فنڈز لانے میں بھی کام ہوں گے، ہم سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کا حصہ نہیں ہے، وفاقی حکومت کا مطلب وزیر اعظم اور ان کی کابینہ ہے، اگر ہمارا کوئی وزیر یا نمائندہ ہو تو بتائیں، ہم نے حکومت کی غیر مشروط حمایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر توانائی کہتے ہیں کہ ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کردی ہے، بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ لیاری آئیں، حیدرآباد آئیں اور لاڑکانہ آئیں اور بتائیں کہ لوڈشیڈنگ ختم ہوئی ہے کہ نہیں، انہوں نے کہا کہ میں دعوت دیتا ہوں کہ حافظ نعیم الرحمان اور مصطفی کمال اور میئر کراچی مل کر بیٹھتے ہیں اور شہر کے مسائل حل کرتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات ہماری انسداد تجاوزات کی ٹیم پر فائرنگ کی گئی، جب ہم تجاوزات کو سڑکوں سے کلیئر کرنے جاتے ہیں تو فائرنگ ہوتی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ پریڈی تھانے کی نفری گزشتہ رات کہاں تھی، پریڈی تھانے کا ایس ایچ او کہاں تھا جب انسداد تجاوزات کی ٹیم پر فائرنگ ہو رہی تھی، ڈرگس اور اسمگلنگ کے مسئلے اس شہر میں چل رہے ہیں، پولیس کو امن و امان کی صورتحال کو قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، پولیس میری ہے میں پولیس کے خلاف نہیں ہوں لیکن پریڈی تھانے کی انتظامیہ سے گلہ ہے کہ انہوں نے اپنا کردار کیوں ادا نہیں کیا، میئر کراچی نے کہا کہ 30 جون تک پارکنگ سے متعلق جو ٹھیکے دیئے گئے ہیں وہ ختم ہوجائیں گے، اب دوبارہ پارکنگ کا ٹھیکہ نہیں ہوگا، کے ایم سی کی چارجڈ پارکنگ سمیت تمام ادارے پارکنگ ختم کردیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے شہر میں کاموں کو مزید بہتر اور تیز کرنے کا کہا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہریوں کو مایوس نہیں کرے گی،گٹر باغیچہ سائٹ میں 35 ایم جی ڈی پانی کو ٹریٹ کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اسی طرح سمندر کے پانی کو صاف کرنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام کر رہے ہیں، 14 کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس منصوبے پر بھی کام کا آغاز جلد کردیا جائے گا۔