Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے دوران کراچی کے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی ، نکاسی آب اور جراثیم کش اسپرے کے انتظامات کئے جائیں-

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے دوران کراچی کے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی ، نکاسی آب اور جراثیم کش اسپرے کے انتظامات کئے جائیں، نیشنل ہائی وے سے مٹی اور کچرا صاف کیا جائے، سینیٹری ورکرز کی دستیابی اور ٹائون انتظامیہ کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن شپ یقینی بنائی جائے، بلدیاتی خدمات کے لئے درکار مشینری کی منتقلی بلاتاخیر کی جائے اور مختلف علاقوں میں تعینات عملے کو سڑکوں ، گلیوں اور دیگر جگہوں کی نگرانی اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کی ہدایت کی جائے، یہ بات انہوںنے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں ملیر، گڈاپ اور لیاری ٹائونز کے چیئرمین اور منتخب نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پیپلزپارٹی ضلع جنوبی کے جنرل سیکریٹری کرم اللہ وقاصی، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈسید امتیاز شاہ، چیئرمین ملیر ٹائون جان محمد بلوچ، چیئرمین گڈاپ ٹائون طارق بلوچ، وائس چیئرمین ملیر ٹائون سید مزمل شاہ، لیاری ٹائون کے چیئرمین اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے،اجلاس کے دوران مختلف ٹائونز کی حدود میں واقع علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسے بہتر بنانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ٹائون انتظامیہ کی ضروریات کے مطابق صفائی ستھرائی اور جراثیم کش اسپرے کے درکار مشینری کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، بارشوں کے دوران ہرممکن کوشش جائے کہ جن علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی شکایت ہے وہاں نکاسی آب کے لئے پمپس اور دیگر مشینری موجود رہے، کچرا اٹھانے اور اسے لینڈ فل سائٹ تک پہنچانے کی ذمہ داری سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ہے لہٰذا ٹائون انتظامیہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اشتراک سے ایسی حکمت عملی بنائے کہ ٹائون کی حدود میں واقع تمام علاقوں کو صاف ستھرا رکھا جاسکے جن جگہوں پر ڈس بن نہ ہونے کی شکایت ہے اس سے فوراً متعلقہ ادارے کو آگاہ کیا جائے، بارشوں کے دوران خصوصاً نشیبی علاقوں میں صورتحال پر گہری نظر رکھی جائے، تمام یونین کمیٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیاتی ادارے شہریوں کو نچلی سطح پر بنیادی خدمات فراہم کرتے ہیں، کراچی کے شہریوں نے پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی نمائندوں پر اعتماد کیا ہے اور ہم ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے، انہوں نے کہا کہ میرے اور ڈپٹی میئر کراچی کے دروازے تمام ٹائونز کے چیئرمینز اور دیگر منتخب نمائندوں کے لئے ہر وقت کھلے ہیں لہٰذا جہاں بھی کوئی رکاوٹ ہو اس سے فوری آگاہ کیا جائے تاکہ جلد از جلد اقدامات کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ ٹائون انتظامیہ کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ہم سب مل کر شہر کی بہتر انداز میں خدمت کرسکیں۔