Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

08-03-2025

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کو دعوت دی ہے کہ وہ آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر کام کریں ، کراچی کے مسائل پر گفتگو کریں-

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کو دعوت دی ہے کہ وہ آئیں اور ہمارے ساتھ مل کر کام کریں ، کراچی کے مسائل پر گفتگو کریں اور انہیںحل کرنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں، آئیں ساتھ مل کر وفاقی حکومت سے کے فور اور دیگر کاموں کے لئے بجٹ مانگیں، مصطفی کمال اور خالد مقبول صدیقی ہمیں مستحکم کریں، ہنگامہ کرنے اور نعرے لگانے سے مسائل حل نہیں ہوتے، 164 ملین روپے کی لاگت سے ماڑی پور میں مدنی فٹ بال اینڈ کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کر رہے ہیں، کے ایم سی نے ہر یوسی کے لئے دو دو کروڑ روپے کا بجٹ کا اعلان کیا ہے ، ماڑی پور کی گیارہ یوسیز کو 22 کروڑ روپے دیئے جائیں گے، پانی کے مسائل کے حل کے لئے آر او پلانٹ کو درست کریں گے،ایک ایک پیسہ عوامی خدمت پر خرچ کیا جائے گا،200 بستروں پر مشتمل اسٹیل مل اسپتال اگر وفاقی حکومت نہیں چلا سکتی تو ہمیں دے دیں ہم اسے چلا ئیں گے، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ماڑی پور روڈ مدنی کالونی میں کرکٹ اور فٹ بال اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد ، ممبر صوبائی اسمبلی لیاقت آسکانی، ٹائون چیئرمین ہمایوں خان، پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، یوسی چیئرمین ممتاز تنولی، سیف اللہ نور ،موسیٰ مینگل، سلمان بھٹی، زین العابدین، اسماعیل شاہ اور پیپلزپارٹی کے دیگر مقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مدنی کالونی ماڑی پور کے مکینوں سے کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے یہاں لوگوں کو شکایت تھی کہ جس طرح ابراہیم حیدری، گذری اور لانڈھی میں گرائونڈ بنائے گئے ہیں یہاں کے مکینوں کے لئے بھی کرکٹ اور فٹ بال گرائونڈ بنایا جائے، آج اس کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے اگلے چھ ماہ کی مدت میں اس کی تعمیر کو مکمل کرلیں گے، اسٹیڈیم کے ساتھ واکنگ ٹریک، ڈریسنگ روم ،پبلک ٹوائلٹ اور عیدگاہ اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی، ہمارے تمام کارکنان عوام میں رہتے ہیں اور مسائل حل کرتے ہیں، ماڑی پور روڈ ، سینڈزپٹ روڈ پیپلزپارٹی نے بنائی ہے، ہم اسی طرح مل کر کام کرتے رہیں گے ، تمام وعدوں کی تکمیل کریں گے، عوام کے مسائل کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حب ریور روڈ پر لگے کھمبے چورا لئے گئے ہیں، انڈرپاسز سے لائٹس چوری ہوتی ہیں، نشہ آور افراد کے پیچھے ایک متحرک مافیا ہے، پائوڈری کو گرفتار کرکے مسائل حل نہیں ہوں ، جو کباڑی مافیا سے ان کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کی ضروت ہے، ایس ایس پی سینٹرل کو میں نے کہا تھا کہ اگلی بار اگر لائٹ چوری ہوئی تو اس کا جرمانہ ایس ایچ او دے گا، ناظم آباد تھانے میں انڈرپاس سے لائٹیں چوری ہونے کی ایف آئی آر کٹوا دی گئی ہیں جس کی تفتیش کی جا رہی ہے، ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی ٹیکس اکٹھا کر رہی ہے، چارجڈ پارکنگ سے ساڑھے پانچ کروڑ روپے کی آمدنی ہوتی ہے ، پارکنگ مفت کرنے کا پروسیس ابھی چل رہا ہے ، پاکنگ کے معاملے کو کونسل سے منظور کرائیں گے، انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہوں پر گداگر نہیں ہونے چاہئیں، اللہ کا شکر ہے کہ سارے الزام لگ جاتے ہیں گداگری کا الزام نہیں لگتا، اس معاملے کو بھی دیکھ رہے ہیں، میئر کراچی نے ایک بار پھر کہا کہ وزیراعظم پاکستان اگر وعدہ کرتے ہیں تو وفا بھی کریں، کراچی والے کہہ رہے ہیں کہ سحر و افطار کے وقت گیس لوڈشیڈنگ نہ کریں، ایس ایس جی سی اور کے الیکٹرک کے بورڈ ز میں وزیر توانائی، کمشنر کراچی اور میئر کراچی کو شامل ہونا چاہئے تاکہ وہ فیصلوں میں شامل ہوں،ایک اور سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کی کونسل کا پچھلا اجلاس انتہائی پرامن رہا ، کوشش ہے کہ آئندہ کے اجلاس بھی ایسے ہی پرامن ماحول میں ہوں، کراچی کے تمام اضلاع میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور اس سلسلے کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔