Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

07-03-2025

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی سے روزانہ دس سے بارہ ہزار ٹن کچرا اٹھا کر لینڈ فل سائٹ پہنچایا جاتا ہے

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی سے روزانہ دس سے بارہ ہزار ٹن کچرا اٹھا کر لینڈ فل سائٹ پہنچایا جاتا ہے، میئر کا چارج لینے کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں کچرے کے ڈھیرے لگے ہوئے تھے، لاکھوں ٹن کچرا اٹھایا جس کے باعث صفائی ستھرائی کے حوالے سے کراچی کی صورتحال اب پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہے، فشریز ہاربر کے علاقے سے کچرا اب سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اٹھائے گا، دونوں اداروں کے درمیان یہ معاہدہ خوش آئند ہے اس سے فشریز کے علاقے میں مزید بہتری آئے گی، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جمعہ کے روز کے ایم سی ہیڈ آفس میں کراچی فش ہاربر اتھارٹی اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے دستخط کے موقع پر کیا، یادداشت پر ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نظامانی اور کراچی فش ہاربر اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر زاہد کھیمتیو نے دستخط کئے، اس موقع پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن غلام عباس میمن، ڈائریکٹر انجینئرنگ فش ہاربر اتھارٹی شنید احمد ، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق یوسف زئی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان ایک سال کا معاہدہ طے کیا گیا ہے جسے بڑھایا جاسکے گا، فش ہاربر کے پانچ کلو ایریا سے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھائے گی، پانی کے اندر سے کچرا اٹھا کر کچرا کنڈی سے پہنچانا فش ہاربر اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی، انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے کراچی کی صورتحال میں مزیدبہتری آئے گی، کراچی فش ہاربر اتھارٹی سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا، معاہدے سے قبل اس علاقے سے کچرا اٹھانے کی ذمہ داری فش ہاربر اتھارٹی کے ذمہ داری تھی، میئر کراچی نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کریں اور ہر علاقے سے روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانے کا عمل جاری رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ آج کراچی کے مرکزی علاقوں اور بڑی بڑی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ مضافاتی علاقوں سے بھی کچرا اٹھایا جا رہا ہے، کراچی کی بہتری اور ترقی کے لئے سب مل کر کام کریں گے تو مزید بہتری آئے گی، پیپلزپارٹی کے وژن کے مطابق کراچی بدل رہا ہے اور کے ایم سی اپنے ترقیاتی منصوبوں کو نہ صرف تیزی سے مکمل کر رہی ہے بلکہ نئے ترقیاتی منصوبے بھی شروع کر رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی اب اپنے پائوں پر کھڑی ہے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز ہمارے پاس موجود ہیں اور توقع ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے وقت مقررہ پر مکمل کرلیں گے۔