25-11-2024
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ کلچر اینڈ اسپورٹس کے زیر اہتمام میٹروپولیٹن فٹبال کپ 2024 کے سلسلے میں ہفتہ کے روز ککری گرائونڈ لیاری میں میچ کھیلے گئے
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ کلچر اینڈ اسپورٹس کے زیر اہتمام میٹروپولیٹن فٹبال کپ 2024 کے سلسلے میں ہفتہ کے روز ککری گرائونڈ لیاری میں کھیلے گئے میچ میں گلشن ٹائون نے کورنگی ٹائون کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی جبکہ مادھو محمڈن گرائونڈ گلشن اقبال میں کھیلا گیا میچ شاہ فیصل ٹائون نے نارتھ کراچی ٹائون کے خلاف ایک کے مقابلے میں چھ گول کرکے جیت لیا، کے ایم سی فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کے ایم سی کی ٹیم کو موریرومیربحر ٹائون کے خلاف واک اوور مل گیا جس سے اسے تین گول اور تین پوائنٹ حاصل ہوئے، ٹورنامنٹ کے سلسلے میں چوتھا میچ محمدی فٹ بال گرائونڈ ملیر چنیسر ٹائون اور اورنگی ٹائون کے مابین کھیلا گیا جس میں چنیسر ٹائون نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے فتح حاصل کی، کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024میں 10 نومبر سے لے کر 24 نومبر تک کھیلے گئے میچوں کے نتائج پر مبنی پوائنٹس ٹیبل کے مطابق گروپ A میں شاہ فیصل ٹائون کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ گروپ B میں لیاری ٹائون 12 پوائنٹس کے ساتھ اول نمبر پر ہے، گروپ C میں سب سے زیادہ 12 پوائنٹس حاصل کرنے والی بلدیہ ٹائون کی ٹیم ہے جبکہ گروپ D میں صورتحال پیچیدہ ہے اور یہاں گڈاپ ، کورنگی اور گلشن ٹائون کی ٹیمیں 9 ،9 پوائنٹس کے ساتھ اول ، دوئم اور سوئم نمبر پر ہیں، ٹورنامنٹ میں اب تک اسکور ہونے والے گولز کے مطابق سب سے زیادہ آٹھ گول صفورہ ٹائون کے معید احمد نے کئے ہیں جبکہ گڈاپ ٹائون کے فرقان عمر اور رضوان الیاس نے 7 ،7 گول اسکور کئے ہیں اور تیسرے نمبر پر کورنگی ٹائون کے یاسر رحمن چنیسر ٹائون کے نعمان اور لیاری ٹائون کے مدثر نذر 5 ،5 گول کے ساتھ موجود ہیں۔کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024کے سلسلے میں کھیلے جا رہے میچوں میں کراچی کے فٹبال شائقین انتہائی دلچسپی لے رہے ہیں اور بڑی تعداد میں تماشائی ان میچوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور اچھے کھیل پر کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی جا رہی ہے، کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2024 میں کل 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں 23 ٹیموں کا تعلق ٹاؤن انتظامیہ سے ہے جبکہ کے ایم سی کی ایک ٹیم بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہے، کے ایم سی میٹروپولیٹن کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی سمیت 10 لاکھ روپے، دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو ڈھائی لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، ٹورنامنٹ کے میچز کراچی کے ساتوں اضلاع میں واقع فٹبال گراؤنڈز میں منعقد ہو رہے ہیں جبکہ سیمی فائنل اور فا ئنل فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں سپروائز کرنے کے لئے بین الاقوامی تنظیم فیفا سے منظور شدہ ریفری اور دیگر ٹیکنیکل عملے کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ سابق فٹ بالرز اور ماہرین کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت شہر میں منعقد ہونے والے اس پہلے میٹروپولیٹن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کو ہر اعتبار سے معیار کے مطابق بنایا جائے اور فٹ بال کے شائقین کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملے، ٹورنامنٹ میں مختلف ٹاؤنز کی شرکت کرنے والی ٹیموں کٹس بھی فراہم کی گئی ہیں۔