Karachi Metropolitan Corporation --- Government of Sindh
Login/Signup Mail

15-11-2024

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ کرکے فراہمی و نکاسی آب کی بوسیدہ اور پرانی لائنوں کو تبدیل کیا جا رہاہے-

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ کرکے فراہمی و نکاسی آب کی بوسیدہ اور پرانی لائنوں کو تبدیل کیا جا رہاہے جس سے شہر میں پانی و سیوریج کے مسائل حل ہوں گے ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب میں نے میئر کراچی کا عہدہ سنبھالا تو کراچی واٹر کارپوریشن کی آمدنی صرف 1 ارب 10 کروڑ روپے تھی جو اب ایک ارب 86 کروڑ روپے سے تجاوز کرگئی ہے اور اس طرح ادارے کی ماہانہ آمدنی میں 65 فیصد اضافہ ہوگیا ہے جس سے کراچی میں پانی و سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے اور انفراسٹرکچر کو ترقی دینے میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن میں جدید اصلاحات اور افسران و ملازمین کی بہترین کارکردگی اور حکمت عملی کے باعث دو سال کی قلیل مدت میں واٹرکارپوریشن کی ماہانہ آمدنی میں 76 کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جو واٹر کارپوریشن کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریکارڈ آمدنی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے افسران اور عملہ اس کے لئے مبارکباد کا مستحق ہے، ادارے کی آمدنی بہتر ہونے کا فائدہ نہ صرف واٹر کارپوریشن کو ہوگا بلکہ آمدنی کے اضافے کا فائدہ ملازمین سمیت شہریوں کو بھی ہوگا کیونکہ ادارے کی آمدنی بہتر ہوگی تو شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے اور جاری تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکتا ہے، میئرکراچی نے کہا کہ آنے والے وقت میں واٹر کارپوریشن کی آمدنی کو مزید بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے اور واٹرکارپوریشن کو ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا کیونکہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،میئر کراچی نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کا کام تنقید کرنا ہے، ہم شہر میں بہتر سے بہتر کام کرکے دکھائیں گے ،کراچی کی عوام نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔